پاکستان

بھارتی فوج اس آپریشن کا مردانہ نام رکھ لے، سندور عورتیں لگاتی ہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج اس آپریشن کا مردانہ نام رکھ لے، سندور عورتیں لگاتی ہیں، معرکۂ حق میں اللّٰہ کے فضل سے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی۔ معرکہ حق میں پاکستان نے واضح طورپر ڈیٹرینس قائم کیا ، جنگ کا زاویہ بدل دیا۔

معرکۂ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر پاک فضائیہ اور بحریہ کے افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ اللّٰہ کے فضل اور رحمت سے مسلح افواج قوم کی امنگوں پر پورا اتری۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اپنے سے 5 گنا بڑے دشمن کو ملٹی ڈومین وار میں شسکت دی، یہ بات پاکستانی بچوں کے ساتھ ہندوستانی بچے بھی جانتے ہیں لیکن یہ الگ بات ہے کہ وہ اسے تسلیم نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے بہت مکاری سے بیانیہ بنایا کہ پاکستان دہشت گردی کرتا ہے لیکن یہ لوگ خود دہشت گردی میں ملوث ہیں اور دنیا بھارت کی من گھڑت باتوں پر کان دھرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعے کو ایک سال مکمل ہو گیا لیکن پاکستان نے جو سوالات اٹھائے تھے وہ اب بھی جوں کے توں موجود ہیں، جواب دیں کون لوگ تھے جنہوں نے یہ کروایا؟ بھارت بتائے کس دہشت گرد کیمپ کو نشانہ بنایا؟ پاکستان میں جو بھی دہشت گردی ہے وہ بھارت کی ایماء پر کی جا رہی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک بین الاقوامی تسلیم شدہ تنازع ہے، بھارت کے لیے نصیحت ہے کہ سچ بولنا سیکھے، بھارت خود سب سے بڑا دہشت گرد ہے، اگر یہی زبان استعمال کرنی ہے تو آجاؤ سامنے پھر، بھارتی سیاست دان، سیاست دان کم جنگجو زیادہ لگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے منٹوں کے بعد ایف آئی آر درج ہوئی، پہلگام واقعے کے 15 منٹ بعد تعین ہو گیا کہ سرحد پار سے لوگ آئے، تم اتنے سیانے تھے، سمجھدار تھے 100 کلو میٹر لوگ اندر آ گئے اس کا تمہیں پتہ نہیں چلا، اس وقت تمہاری سمجھدار انٹیلی جنس اور ہونہار ذہن کیا سو رہے تھے؟ انٹرنیشنل کمیونٹی پوچھتی ہے کہ پہلگام واقعے کے پیچھے کون ہے؟ بھارت پہلگام واقعے کے حوالے سے آج تک ثبوت سامنے نہیں لا سکا۔

ان کا کہنا ہے کہ بھارت کی پروفیشنل آرمی تھی جو آج سیاست زدہ ہے، بھارتی میڈیا کی انفارمیشن نے لوگوں کو بہت تفریح فراہم کی، اچھی خاصی انٹرٹینمنٹ بھارتی نیوز میڈیا فراہم کر دیتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ غضب للحق نیشنل رسپانس آن ٹیررازم کا ایک حصہ ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ پاکستان کے خلاف افغانستان کی سرزمین کو استعمال نہ ہونے دیں، ہر قسم کے دہشتگرد کو افغانستان پناہ دینے کیلئے تیار ہے، ہم پاکستان کے عوام سے ہیں اور پاکستان کی عوام ہم سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور رہے گا، کشمیر کا مستقبل ان کے عوام نے طے کرنا ہے، کشمیری عوام نے طے کرنا ہے کہ انہوں نے کیا کرنا ہے، ہمیں یقین کے کشمیر کے عوام جو بھی انتخاب کریں گے، پاکستان اور کشمیری عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ، یہ سفر ہم نے طے کرناہے اور یہ ہم نے حق خود ارادیت کے ذریعے طے کرنا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کے ذہن میں کہاں سے یہ خبط آگیا کہ اکھنڈ بھارت بنے گا! بھارت کے ذہن میں کہاں سےیہ خبط آگیا کہ وہ خطے کے عوام کی تقدیر کا فیصلہ کریں گے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ طارق غازی نے بھی کہا کہ ہم مستقبل کی جنگ کی تیاری کر رہے ہیں، یہ دنیا تو آنی جانی چیز ہے، شہید کی موت اس کا زیور ہوتی ہے، جتنا وہ زندگی سے پیار کرتے ہیں، اتنا پیار ہمیں شہادت سے ہے، ایئرفورس کا پائلٹ جب جہاز میں جا رہا تھا تو اس کے ذہن میں ڈر نہیں تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بھارت پراکسیز کو بھی لانچ کرکے دیکھ لے، خارجیوں کے خلاف جو افسر لڑ رہے ہیں انہیں کوئی پریشانی نہیں، یہ ہمارا حوصلہ ہے، ہم اسے بھی کہتے تھے کہ ہم سے پنگا نہ کرنا ،جتنی شہادتیں ہم نے دی ہیں دنیا میں کسی کی نہیں، یہ ملک اللّٰہ کا تحفہ ہے، یہ کوئی عام ملک نہیں، ہمیں اپنے اوپر، اپنی قوم پر بھروسہ ہے اور قوم کو افواج پر بھروسہ ہے، پاک فوج ایلیٹ کی نہیں، غریب کی فوج ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کےتعلقات بہت گہرے اور کثیرالجہتی ہیں، سعودی عرب کو تھریٹ ہمارے لیے بھی خطرہ ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ہم نے ایک سال پہلے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا تھا، آپ نے بھارتی ایئر چیف مارشل کو سنا ہو گا، معرکۂ حق کے چند ماہ بعد وہ اٹھے اور کہا کہ آج انہیں پتہ لگا کہ انہوں نے بھی جہاز گرائے تھے، ہم ہمیشہ سے کہتے تھے کہ کسی کا باپ بھی پاکستان پر آنچ نہیں لا سکتا، ہم تب بھی تیار تھے اور اب بھی تیار ہیں، کسی کو شک ہے تو اس کی ایک قسط ہم نے دکھائی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اللّٰہ کا شکر ادا کرتے ہیں جب ہم اس سال کا احاطہ کرتے ہیں، ہم احاطہ کریں گے کہ ہمارا مشرقی ہمسایہ سارا سال کیا کرتا رہا ہے، بھارت کشمیریوں اور منی پور میں مظالم ڈھا رہا ہے، بھارت کیوں اپنے ایڈمرل، جنرل اور مارشل کا مذاق بنوا رہا ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہم نے ایک سال پہلے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا تھا، ہم بھارتی عسکری اہداف کو نشانہ بناتے اور فخر سے بتاتے ہیں، تم نے جس کو اکٹھا کرنا ہے کر لو، لیکن تم بے نقاب ہو چکے ہو، ایک پاکستان اور دوسرا فیلڈ مارشل دن رات بھارت کے خواب میں آتے ہیں، بھارتی فوج اس آپریشن کا کوئی مردانہ نام رکھ لے، سندور تو عورتیں لگاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں جو آپ نے دیکھا ہے وہ ہماری مجموعی پاور پوٹینشنل دس پندرہ فیصد ہے، 14 اگست کو عظیم الشان پریڈ ہو گی، پاور پوٹیشنل کی چھوٹی سی جھلک عوام کو دکھائیں گے، مقصد یہ ہے کہ وہ بعد میں یہ نہ کہیں کہ بتایا نہیں تھا، خطے میں استحکام کا سب سے بڑا سفیر کون ہے، پاکستان، کون خطے میں امن کی کوشش کر رہا ہے؟ پاکستان۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف پراجیکٹس ایئر وائس مارشل طارق غازی نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ دشمن کی ہر سرگرمی نوٹ کر رہی تھی، ہم نے ٹرائی سروس پلانز کی گائیڈنس طے کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت آج تک سمجھنے کی کوشش کر رہا ہے کہ آخر ہوا کیا تھا، دشمن ہمارے بارڈر تک آنے کی جرات نہیں کر سکتا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button