
طبی ماہرین نے پیٹ کی چربی کم کرنے کا آسان ترین نسخہ بتا دیا
غذائی ماہرین کی جانب سے مشورہ دیا گیا ہے کہ ہر کھانے کے بعد مختصر چہل قدمی خون میں شکر کی سطح کم کر کے جسم میں چربی جمع ہونے سے بچا سکتی ہے۔
پیٹ کے گرد جمع ہونے والی چربی صحت کے لیے بڑا خطرہ سمجھی جاتی ہے جو موٹاپے، ذیابیطس اور دل کے امراض کا سبب بنتی ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق ہر کھانے کے بعد صرف 10 سے 15 منٹ کی چہل قدمی اس مسئلے پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
تحقیقی رپورٹس کے مطابق کھانے کے بعد معمول کی رفتار سے چہل قدمی کرنے سے خون میں شکر کی سطح اچانک نہیں بڑھتی جس کے نتیجے میں جسم میں چربی ذخیرہ ہونے کا عمل سست ہو جاتا ہے۔
چہل قدمی کے اہم فوائد
طبی ماہرین کے مطابق چہل قدمی سے ہاضمہ بہتر ہوتا ہے اور پیٹ پھولنے کی شکایت کم ہوتی ہے، خون میں شکر کی سطح متوازن رہتی ہے، جسمانی میٹابولزم متحرک رہتا ہے جس سے چربی تیزی سے پگھلانے میں مدد ملتی ہے، گیس اور اپھارے میں کمی آتی ہے، خون کی گردش اور دل کی صحت بہتر ہوتی ہے۔
چہل قدمی کب اور کیسے کریں؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانے کے بعد 10 سے 15 منٹ انتظار کریں، پھر ہلکی یا درمیانی رفتار سے 10 سے 15 منٹ چہل قدمی کریں۔
کھانے کے فوراً بعد سخت ورزش یا تیز چہل قدمی سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔
کھانے کے بعد چہل قدمی کن افراد کیلئے مفید؟
یہ عادت خاص طور پر پیٹ کی چربی، ذیابیطس، ذیابیطس ہونے سے قبل کی پیچیدہ صورتِ حال، ہاضمے کے مسائل اور بیٹھے رہنے والے طرزِ زندگی کے حامل افراد کے لیے فائدہ مند ہے۔
نتائج کب ظاہر ہوتے ہیں؟
طبی ماہرین کے مطابق ابتدائی فوائد 1 سے 2 ہفتوں میں محسوس ہو سکتے ہیں جبکہ پیٹ کی چربی میں نمایاں کمی 4 سے 6 ہفتوں میں دیکھی جا سکتی ہے بشرطیکہ اس عادت کے ساتھ متوازن غذا اور مناسب پانی کا استعمال بھی جاری رکھا جائے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانے کے بعد مختصر چہل قدمی ایک سادہ مگر مؤثر عادت ہے جس سے فوائد حاصل کرنے کے لیے مستقل مزاجی سب سے زیادہ اہم ہے۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔



