
پاکستان
گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر کوئٹہ جاتے ہوئے لاپتہ ہو گئے
گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد گوادر سے کوئٹہ جاتے ہوئے لاپتہ ہو گئے۔
خاندانی ذرائع اور یونیورسٹی حکام کے مطابق دونوں سرکاری گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں کنڈ عمرانی بدرنگ کے قریب پہنچنے کے بعد ان کا اپنے اہل خانہ اور متعلقہ حکام سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں اہلکاروں کو مستونگ کے علاقے سے اغوا کیا گیا ہو گا۔
یونیورسٹی ذرائع نے بتایا کہ واقعہ کے وقت مسلح افراد نے مبینہ طور پر علاقے میں ایک چوکی قائم کر رکھی تھی جہاں گاڑیوں کو روک کر تلاشی لی جا رہی تھی۔ رپورٹس میں بتایا گیا کہ شام کے وقت مسلح افراد نے کنڈ عمرانی بدرنگ میں کئی گاڑیوں کو روک کر تلاشی لی۔
ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔



