پاکستان

سید عاصم منیر اور محسن نقوی کا ایران دورہ مکمل، علاقائی استحکام کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلامی جمہوریہ ایران کے تین روزہ سرکاری دورے کے بعد پاکستان کی اعلیٰ عسکری و حکومتی قیادت نے خطے میں امن و استحکام کیلئے سفارتی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، NI (M)، HJ، COAS اور CDF نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ایران کے صدر مسعود پیزشکیان سے خصوصی ملاقات کی۔ اس کے علاوہ ایرانی پارلیمان کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹرز کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی سے بھی الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں۔

ملاقاتوں میں ابھرتے ہوئے علاقائی سلامتی کے ماحول، جاری سفارتی سرگرمیوں اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے فروغ کیلئے تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل نے مستقل سفارتی رابطوں کے ذریعے کشیدگی میں کمی، مذاکرات کے فروغ اور تصفیہ طلب مسائل کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی قیادت اور عوام کی جانب سے پرتپاک مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے صدرِ پاکستان، وزیر اعظم اور پاکستانی عوام کی طرف سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ دورہ مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے، علاقائی استحکام کے فروغ اور امن و خوشحالی کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button