
ڈپٹی کمشنر کا جامعہ ام سلمہ للبنات کا دورہ، معیاری دینی تعلیم پر خراج تحسین
ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) سرمد سلیم اکرم نے شہر میں طالبات کی معروف علمی درسگاہ جامعہ ام سلمہ للبنات کا دورہ کیا اور ادارے کی درس و تدریس میں نمایاں خدمات کو سراہتے ہوئے اسے وفاق اور صوبہ کی سطح پر نمایاں مقام رکھنے پر خراج تحسین پیش کیا ۔
منگل کے روز رحمن کالونی پولیس لائن سے ملحقہ جامعہ کے تفصیلی دورے کے دوران رئیس جامعہ مفتی جعفر طیار مقبول اعوان نے ادارے کی کارکردگی، نظم و نسق اور تعلیمی نظام پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام ایبٹ آباد کے جنرل سیکرٹری مولانا غلام مجتبیٰ، ایوانِ تجارت کے صدر سابق صدر آل ٹریڈرز فیڈریشن ملک نعیم اعوان اور اساتذہ بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ جان کر خوشی ہوئی کہ درسِ نظامی کی طالبات کے ساتھ ساتھ عملی زندگی میں قدم رکھنے والی خواتین کے لیے مختصر کورسز بھی فراہم کیے جا رہے ہیں، جو نہایت اہم اور مفید اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے اور سیکھنے کا عمل زندگی بھر جاری رہنا چاہیے۔
انہوں نے ادارے کی انتظامیہ کو اس نیک کاوش پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسے تعلیمی ادارے معاشرے کی مثبت تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ انسان کے اندر سیکھنے کی گنجائش رہتی ہے۔ہم خود بھی سیکھتے ہیں کوشش ہوگی اردگرد جاننے والوں اور گھر والوں کو راضی کریں وہ یہ ضرور سیکھیں ۔علم حاصل کرنا اسلام میں ضروری ہے۔
اس موقع پر رئیس جامعہ مفتی جعفر طیار مقبول اعوان نے بتایا کہ ادارے میں تین سو سے زائد طالبات کو بلا معاوضہ تعلیم دی جا رہی ہے جبکہ اب تک تین ہزار سے زائد طالبات یہاں سے فارغ التحصیل ہو کر عملی زندگی میں دینی تعلیمات کے مطابق خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ادارے کی 24 سے زائد برانچز بھی کام کر رہی ہیں اور جامعہ وفاق المدارس میں صوبائی و وفاقی سطح پر نمایاں پوزیشنز حاصل کر چکا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جامعہ میں میٹرک کے بعد چھ سالہ درس نظامی، دو سالہ دراسات اور خواتین کے لیے نو ماہ کے مختصر کورسز کی سہولت موجود ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ادارے کی بہترین کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیٹر بک میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے، جبکہ رئیس جامعہ نے انہیں اسلامی تعلیمات پر مبنی کتب کا تحفہ پیش کیا۔



