
پاکستان
این جی سی نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران نو بڑے ٹرانسمیشن منصوبے مکمل کر لیے
نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران 9 بڑے پاور ٹرانسمیشن منصوبے کامیابی سے مکمل کر لیے ہیں۔ نومبر 2025 سے اب تک حاصل ہونے والی اہم کامیابیوں میں دو نئے گرڈ سٹیشنز، 500 کے وی لاہور نارتھ اور 220 کے وی قائداعظم بزنس پارک کی تکمیل شامل ہے جس سے ملک کے جنوب سے شمال تک بجلی کی ترسیلی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ پنجاب کے ایک اہم خصوصی اقتصادی زون کو بجلی کی فراہمی بھی ممکن ہو سکی ہے۔
اس عرصے کے دوران نوکھر، اوکاڑہ، یوسف والا اور حیدرآباد کے گرڈ سٹیشنز پر چھ آٹو ٹرانسفارمرز (160 سے 250 ایم وی اے) کی اپ گریڈیشن مکمل کی گئی جس سے ترسیلی نظام کی استعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور لوڈ شیڈنگ میں کمی آئے گی۔ مزید برآں، غازی بروتھا–گٹی ٹرانسمیشن لائن کا 500 کے وی علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی (AIIC) گرڈ سٹیشن فیصل آباد کے ساتھ انٹرکنکشن بھی مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ نوشہرہ ٹرانسمیشن لائن اور 55 کلومیٹر طویل 220 کے وی فیصل آباد ویسٹ–لالیاں ٹرانسمیشن لائن بھی مکمل ہو چکی ہیں اور انرجائزیشن کیلئے تیار ہیں۔ اس کے ساتھ ملک بھر میں متعدد گرڈ سٹیشنز اور ٹرانسمیشن لائنز کے منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں بھی ہیں۔
منیجنگ ڈائریکٹر (این جی سی) انجینئر الطاف حسین ملک نے نومبر 2025 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد ٹرانسمیشن منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اپنی اولین ترجیح بنایا اور پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زیر تعمیر منصوبوں کے دورے کئے جہاں انہوں نے فیلڈ ٹیموں سے براہِ راست رابطہ رکھتے ہوئے جاری منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انجینئر الطاف حسین ملک نے ان منصوبوں کی کامیاب تکمیل پر این جی سی ٹیموں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کی محنت، مؤثر ہم آہنگی اور حفاظتی معیارات پر سختی سے عملدرآمد کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں زیرِ تکمیل 765 کے وی نے اسلام آباد ویسٹ اور مانسہرہ گرڈ سٹیشنز اور داسو ٹرانسمیشن لائن پراجیکٹ سمیت دیگر اہم منصوبوں کی بروقت تکمیل پر بھی زور دیا۔ انہوں نے این جی سی ٹیموں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اسی رفتار اور جذبے کے ساتھ کام جاری رکھیں اور باہمی تعاون، بھرپور توجہ اور بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی کے ذریعے پاکستان کے ٹرانسمیشن نظام کو مزید مستحکم بنائیں۔



