
پاکستان کا تیار کردہ فریم ورک امریکا اور ایران کے ساتھ شیئر کر دیا گیا: رائٹرز
برطانوی خبر ایجنسی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان نے جامع جنگ بندی کا فریم ورک امریکا اور ایران کے ساتھ شیئر کر دیا۔
جنگ بندی تجویز سے واقف ذرائع نے رائٹرز کو بتایا ہے کہ پاکستان کی جانب سے شیئر فریم ورک 2 مراحل پر مشتمل ہے۔
پہلے مرحلے میں فوری جنگ بندی جبکہ بعد میں جامع معاہدہ شامل ہے۔
امریکا اور ایران کو جارحیت کے خاتمے اور فوری جنگ بندی کا منصوبہ موصول ہو گیا۔
سینئر ایرانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایران کو پاکستان کی تجویز موصول ہوئی ہے، جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کسی فیصلے کے لیے کسی قسم کی ڈیڈ لائن یا دباؤ قبول نہیں کرے گا۔
دوسری جانب آبنائے ہرمز نہ کھولنے پر دھمکیوں اور گالیوں کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے پرانی ڈیڈ لائن میں 24 گھنٹے کی توسیع کردی، معاہدے کے لیے ڈیڈ لائن کا وقت منگل رات 8 بجے ایسٹرن ٹائم جاری کردیا۔ جو ایران میں بدھ کی صبح 3:30 اور پاکستانی وقت کے مطابق بدھ کی صبح 5 بجے ہے۔
ادھر ایران نے امریکی صدر کا الٹی میٹم مسترد کر دیا۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران جوابی حملے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، سویلین انفرا اسٹرکچر، بجلی گھروں پر حملوں کا ایران اسی انداز میں جواب دے گا، درد صرف ایران تک محدود نہیں رہے گا بلکہ پورے خطے میں محسوس کیا جائے گا۔



