
ترکیہ کے قونصلر جنرل مہمت ایمن شیمشک نے کہا ہے کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جس سے استفادہ کرنے کیلئے باہمی رابطوں کو فروغ دینا ہوگا ۔
ان خیالات کا اظہارا نہوں نے پاکستان انڈسٹریل سیونگ مشینز امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن(پسمیڈا)کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر بین الاقوامی تجارتی میلوں اور وفود کے سربراہ محمد عمیر،کمرشل اتاشی قونصلیٹ جنرل ترکیہ نورالتین دمیر،سیکرٹری کمرشل اتاشی وسیم زبیر ، پسمیدا کے وائس چیئرمین محمد یاسین ،پسمیڈا لاہور چیپٹر کے چیئرمین سید سفیر علی عباس ،عثمان علی تارڑ،لاہور چیمبر آف کامرس کے بورڈ ممبرز سید سلمان علی ،محمد علی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔
پسمیڈا عہدیداران کی جانب سے دونوں ممالک میں صنعتی اور تجارتی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے اسٹریٹیجک اقدامات بارے تحریری تجاویز پیش کی گئیں جس کا ترکیہ کے قونصل جنرل نے بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کی جامع اور موثر ورکنگ کی بھرپور ستائش کی ۔
پسمیڈا کے عہدیداروں نے کہا کہ وہ گارمنٹس، لیدر، جوتے، ہوزری، ڈینم، نِٹ ویئر، سیوِنگ اور دیگر متعلقہ شعبوں میں ترکیہ کی ٹیکنالوجی اور مہارتوں سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں اوردو طرفہ تجارتی مفادات کے تحت دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک تعاون کے وسیع امکانات ہیں۔
پسمیڈا کے وائس چیئرمین محمد یاسین نے بتایا کہ ملاقات میں پاکستان کی گارمنٹس اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں ٹیکنالوجی، مہارتوں کی تربیت اور تجارتی مواقع کے فروغ پر زور دیا گیا ۔
پسمیڈا کی جانب سے ترکیہ کے صنعتی ، تربیتی اور ٹیکنالوجی فراہم کرنے والے اداروں سے باضابطہ تعاون ، پاکستانی صنعتکاروں کے لیے تربیتی پروگرامز شروع کرنے اور ترکیہ میں مشترکہ تجارتی نمائشیں منعقد کرنے کی تجاویز پیش کیں۔ایسوسی ایشن نے تجویز دی کہ پاکستان میں ترکیہ کی معاونت سے گارمنٹس ٹیکنالوجی اور سرٹیفیکیشن انسٹیٹیوٹ قائم کیا جائے جو پاکستان کے مینوفیکچررز کو بین الاقوامی معیار کی تربیت اور سرٹیفیکیشن فراہم کرے ۔
انہوں نے بتایا کہ تجاویز میں اسٹارٹ اپس اور انوویشن پلیٹ فارمز کے لیے ترکیہ کے ساتھ تبادلہ اور تعاون کے امکانات کا جائزہ لینے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔انہوںنے کہا کہ ہم نے اپنی تحریری تجاویز میں کہا ہے کہ پسمیڈا اور ترکیہ کے اداروں کے درمیان باقاعدہ تعاون کا فریم ورک قائم کیا جائے ،
قونصل خانہ ترکیہ کی حکومت، صنعت اور ادارہ جاتی اسٹیک ہولڈرز تک رسائی میں مدد فراہم کرے ،باہمی تعاون کے اصولی معاہدے پر اتفاق کے تحت دونوں جانب سے موثر رابطوں کے لئے نمائندے نامزد کئے جائیں،پسمیڈا اور ترکیہ کی ٹیکسٹائل ، گارمنٹس ایسوسی ایشنز،تکنیکی تربیتی اداروں،مینوفیکچرنگ کلسٹر ،برآمدات کی ایسوسی ایشنز اور چیمبرز کے درمیان روابط ہونے چاہئیں۔پاکستان ، ترکیہ سپلائی چین اور ٹیکنالوجی کوریڈور قائم کیا جائے ،
تصدیق شدہ شراکت داروں کا ڈیٹا بیس، بی ٹو بی میچ میکنگ کی سہولت اورٹیکنالوجی ٹرانسفر کے معاہدے ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ اسٹریٹیجک شراکت داری کے ذریعے پاکستان ترکیہ کے صنعتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے گا جس سے دونوں ممالک کی تجارتی اور صنعتی ترقی میں اضافہ ہوگا۔پسمیڈا کی جانب سے مضبوط اسٹریٹیجک تعاون کے لیے باضابطہ معاہدے کی تجویز بھی پیش کی گئی ۔



