پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کا ریگل سینما میں کمیونٹی سینٹر بنانے کا اعلان
پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل کا سالانہ اجلاس مقامی ہوٹل میں منعقد کیا گیا۔اجلاس کی صدارت چیئرمین شہزاد رفیق نے کی۔اجلاس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے ۔ایسوسی ایشن کے ریگل سینما میں قائم آفس میں کمیونٹی سینٹر بنانے کا اعلان کیا گیا،جس کے لئے ابتدائی طور پر ایک لاکھ روپیہ جمع ہوئے۔شہزاد رفیق اور پروڈیوسر ریاض ملک نے پچاس پچاس ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔ اجلاس میں پنجاب بار کونسل کے الیکشن میں عدیل احسان ایڈووکیٹ کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں لاہور، کراچی،اسلام آباد اور ملک کے دیگر شہروں سے ممبران نے زوم لنک پر فلم انڈسٹری کی بہتری کے لیے اپنی تجاویز دیں۔ اجلاس میں وائس چیئرمین صفدر ملک، سابق چیئرمین ذوالفقار علی مانا، عابد عزیز مرچنٹ، ریاض ملک، یاسر خان ،جونی ملک، ندیم چیمہ ،سہیل ملک ،رابعہ حسن ،مسعود بٹ ،ادریس بھٹی، خرم بھٹی، حاجی شفیق ،احمد چیمہ ،گام جیلانی،فیصل مدنی اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب حکومت سے پنجاب میں 100 سے زائد سینما بنانے کا مطالبہ کیا گیا اور
حکومتِ پنجاب اور وفاقی حکومت DEMP کے اقدامات کو سراہا گیا۔
شہزاد رفیق نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز، سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ممبران نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ سینماؤں میں عوام خصوصاً متوسط اور نچلے طبقے کے لیے تفریح کے مواقع پیدا کیے جائیں کیونکہ مہنگی ٹکٹیں عام شائقین کی پہنچ سے باہر ہیں۔



