غزہ میں صبح سے 31 فلسطینی شہید، پرتگال، برطانیہ آج ’فلسطین‘ کو تسلیم کریں گے
غزہ پر اسرائیل کی بمباری سے صبح سے اب تک 31 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔
قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق اتوار کی طبی ذرائع سے صبح سے اب تک 31 فلسطینیوں کی شہادت کی تصدیق ہوئی ہے، اسرائیل ڈرون حملوں اور ریموٹ کنٹرول خود کش روبوٹس سے فلسطینیوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
ہفتہ کے روز ایک ہی دن میں اسرائیلی افواج نے غزہ میں 91 فلسطینیوں کو شہید کرنے کے بعد آج اتوار کو بھی اسرائیل کی جانب سے ’نسل کشی‘ جاری ہے، ایک معروف ڈاکٹر کے خاندان کے افراد اور ایک ٹرک پر سوار 4 افراد بھی شہید ہوئے ہیں، جو شمالی غزہ شہر چھوڑ کر جا رہے تھے۔
غزہ شہر سے بے گھر ہونے والے فلسطینیوں نے بتایا کہ اسرائیلی ڈرونز نے ان کا اس وقت تعاقب کیا جب وہ پناہ گاہوں سے نکلنے پر مجبور ہوئے۔
اسرائیل کی غزہ پر مسلط کردہ جنگ میں اکتوبر 2023 سے اب تک کم از کم 65 ہزار 208 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 66 ہزار 271 زخمی ہوچکے ہیں، ہزاروں افراد ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
7 اکتوبر 2023 کے حملوں میں اسرائیل میں ایک ہزار 139 افراد مارے گئے تھے اور تقریباً 200 کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔



