بین الاقوامی

ممدانی کی مدد کرنے کو تیار، واشنگٹن کا احترام نہ کیا تو کامیاب نہیں ہوسکیں گے، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اشارہ دیا ہے کہ وہ نیویارک کے نئے منتخب میئر زہران ممدانی کی مدد کرنے کے لیے تیار ہیں، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اس سوشلسٹ رہنما کو کامیابی کے لیے واشنگٹن کے ساتھ ’احترام‘ کا رویہ اپنانا ہوگا۔

ٹرمپ نے یہ بیان اُس وقت دیا جب ممدانی نے اپنی تاریخی کامیابی کے بعد، امریکا کے سب سے بڑے شہر کے پہلے مسلم اور پہلے جنوبی ایشیائی نژاد میئر کے طور پر اپنی ٹرانزیشن ٹیم کا اعلان کیا۔

ممدانی کی فتح کی رات کی تقریر میں ٹرمپ کے مقابل ڈٹنے کے عزم کے جواب میں امریکی صدر نے ان کے بیانات کو ’خطرناک‘ قرار دیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ’فاکس نیوز‘ کے بریٹ بیئر کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’انہیں واشنگٹن کے ساتھ تھوڑا سا احترام سے پیش آنا ہوگا، کیونکہ اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو ان کے کامیاب ہونے کے امکانات نہیں رہیں گے‘۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ وہ کامیاب ہوں، میں چاہتا ہوں کہ شہر کامیاب ہو، تاہم انہوں نے فوراً وضاحت کی کہ ان کا مطلب ممدانی نہیں بلکہ نیویارک سٹی کی کامیابی ہے۔

بدھ کے اوائل میں، ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ ان کی انتظامیہ نئے میئر کی ’مدد کرے گی‘، اگرچہ انہوں نے ممدانی کو ’کمیونسٹ‘ بھی قرار دیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے میامی، فلوریڈا میں امریکن بزنس فورم سے خطاب میں کہا تھا کہ ’کمیونسٹوں، مارکسسٹوں اور گلوبلسٹوں کو موقع ملا تھا، لیکن انہوں نے تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا، اب دیکھتے ہیں کہ نیویارک میں ایک کمیونسٹ کیا کرتا ہے، ہم دیکھیں گے کہ یہ تجربہ کیسے کام کرتا ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم اس کی مدد کریں گے، ہاں ہم کریں گے، ہم چاہتے ہیں کہ نیویارک کامیاب ہو، ہم شاید تھوڑی بہت مدد کریں گے‘۔

امریکی صدر نے منگل کے روز ہونے والے نیویارک کے میئر کے انتخابات سے قبل ممدانی پر شدید تنقید کی تھی، انہیں ’پاگل کمیونسٹ‘ قرار دیا اور دھمکی دی تھی کہ اگر وہ جیت گئے تو وہ شہر کی وفاقی امداد روک دیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button