بھارت کے خلاف معرکہ حق کے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ میں تاریخی کامیابی پر پاکستان کی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے آج ملک بھر میں ’یو م تشکر‘ منایا جارہا ہے، صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف نے دفاع وطن کے لیے جان کا نذرانہ دینے والے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے گھر جاکر ان کے والدین اور عزیز و اقارب سے اظہار تعزیت کیا۔
یوم تشکر کے موقع پر دن کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے کیا گیا جب کہ وفاقی درالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر کور کمانڈر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔
لاہور میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے شاعر مشرق حضرت علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر حاضری دی، فاتح خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
دریں اثنا، یوم تشکر کے سلسلے میں ملک بھر میں یادگار شہدا پر پھول رکھے جارہے ہیں اور دعائیہ تقاریب منعقد کی جارہی ہیں جب کہ آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے لواحقین سے خصوصی ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
وزیراعظم شہبباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر اسکواڈرن لیڈرعثمان یوسف شہید کے گھر پہنچے، وزیراعظم اور آرمی چیف نے شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ دونوں رہنماؤں نے معرکہ حق کےدوران اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے عزم اور فرض شناسی کو سراہا۔
قبل ازیں، صدر مملکت آصف علی زرداری نے معرکہ حق میں شہید ہونے والے پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر جاکر ان کے والد اور دیگر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔
صدر مملکت نے شہید کی وطن کے لیے خدمات اور دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر قوم کی جانب سے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں پر فخر ہے، پوری قوم، اپنے سپاہیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، ہم اپنے شہدا اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کے ہمیشہ معترف رہیں گے، صدر مملکت نے شہید کے لیے فاتحہ خوانی اور بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا اور انہیں صبر جمیل کی دعا دی۔