جرائم

نور مقدم قتل کیس: مجرم ظاہر جعفر کی اپیل مسترد، سزائے موت برقرار

سپریم کورٹ نے نور مقدم قتل کیس میں ملزم ظاہر جعفر کی اپیل مسترد کرتے ہوئے سزائے موت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جسٹس ہاشم کاکڑ نے مختصر فیصلہ سنادیا۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے مختصر فیصلے میں قرار دیا ہے کہ ظاہر جعفر کے خلاف قتل کی دفعات میں سزائے موت برقرار رکھی ہے، ریپ کیس میں سزائے موت عمر قید میں تبدیل کردی گئی ہے جبکہ اغوا کے مقدمہ میں 10 سال قید کو کم کرکے ایک سال کر دیا گیا ہے، عدالت نے نور مقدم کے اہل خانہ کو معاوضہ ادائیگی کا حکم بھی برقرار رکھا ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ ظاہر جعفر کے مالی جان محمد اور چوکیدار افتخار نے جتنی سزا کاٹ لی ہے وہ کافی ہے، شریک ملزم کو عدالت کا تحریری فیصلہ آنے کے بعد رہا کردیا جائے گا۔

سپریم کورٹ میں جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے نور مقدم قتل کیس میں ملزمان کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔

ظاہِر جعفر کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نور مقدم کے والد سابق سفارتکار شوکت مقدم کی جانب سے ایڈووکیٹ شاہ خاور عدالت میں موجود تھے۔

ملزم ظاہر جعفر کے وکیل سلمان صفدر نے سماعت کے آغاز میں دلائل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہاکہ پراسیکیوشن کا سارا کیس سی سی ٹی وی فوٹیج اور ڈی وی آر پر ہے، اپیل کنندہ کیخلاف شواہد کا شک و شبہ سے بالاتر ہونا ضروری ہے۔

وکیل سلمان صفدر نے مزید کہاکہ عدالت بطور شواہد پیش فوٹیجز سے باہر نہیں جا سکتی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں پراسیکیوشن کی فوٹیج چلائی گئی لیکن وہ چل نہ سکی،اسلام آباد ہائیکورٹ میں وکیل کی فراہم کردہ یو ایس بی سے ویڈیو چلائی گئی۔

ملزم ظاہر جعفر کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے کے بعد شریک ملزم چوکیدار اور مالی کے وکیل نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ دونوں ملزموں کو 10، 10 قید کی سزا سنائی گئی، ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے مقتولہ کو جانے سے روکا۔

جسٹس باقر نجفی نے کہا کہ اگر مجرمان مقتولہ کو نہ روکتے تو معاملہ کچھ اور ہوتا، ملزمان کے وکیل نے کہا کہ مالی اور چوکیدار کا گھر میں موجودگی کے علاوہ اور کوئی جرم نہیں، جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس میں کہا کہ تنخواہ سے زیادہ کام کرنے کی کیا ضرورت تھی۔

بعدازاں چوکیدار اور مالی کے ویل نے دلائل مکمل کرلیے جس کے بعد نور مقدم کے والد کے وکیل شاہ خاور نے دلائل کا آغاز کیا جس کے بعد عدالت نے سماعت میں ایک بجے تک وقفہ کردیا تھا۔

وقفے کے بعد جسٹس ہاشم کاکڑ نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے نور مقدم کے قتل کے مقدمے میں مجرم ظاہر جعفر کی سزائے موت برقرار رکھنے کا حکم دیا۔

عدالت عظمیٰ نے ریپ کیس میں مجرم ظاہر جعفر کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا جبکہ اغوا کے مقدمے میں مجرم کو سنائی گئی 10 سال قید کو کم کرکے ایک سال کر دیا ، عدالت نے نور مقدم کے اہل خانہ کو معاوضہ ادائیگی کا حکم بھی برقرار رکھا ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ ظاہر جعفر کے مالی جان محمد اور چوکیدار افتخار نے جتنی سزا کاٹ لی ہے وہ کافی ہے، شریک ملزم کو عدالت کا تحریری فیصلہ آنے کے بعد رہا کردیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button