
بھارت کے انگریزی روزنامے ’دی ہندو‘ نے بھی مودی میڈیا کی فہرست میں اپنا نام شامل کروالیا، بھارتی طیارے تباہ ہونے کی خبر ویب سائٹ سے ہٹادی، ٹوئٹر (ایکس) پر پوسٹ کی گئی خبر بھی ڈیلیٹ کردی۔
بھارت کے انگریزی روزنامے دی ہندو نے اپنی ویب سائٹ پر مقبوضہ کشمیر میں پاک فضائیہ کی کارروائی میں 3 بھارتی طیارے تباہ ہونے کی خبر شائع کی، کچھ دیر بعد خبر ویب سائٹ سے ہٹالی، ویب سائٹ پر ابتدا میں خبر دکھائی دے رہی ہے، تاہم کلک کرنے کے بعد تفصیلات سامنے نہیں آتیں، اور بعد میں خبر مکمل غائب ہوجاتی ہے۔
بھارت میں آزادانہ رپورٹنگ کرنے والے میڈیا ہاؤسز کا قحط ہے، مودی سرکار نے بھارتی میڈیا کو اپنے مکمل کنٹرول میں جکڑ رکھا ہے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے صحافتی اصولوں سے انحراف کا سلسلہ جاری ہے، پہلگام حملے کے بعد پورا بھارتی میڈیا مودی سرکار کی پروپیگنڈا فیکٹری کا روپ دھار چکا ہے، ہر چینل اور اخبار مودی سرکار کے بیانیے کو فروغ دینے کی دوڑ میں ایک دوسرے سے بازی لے جانے کی کوشش میں مگن رہا۔
گزشتہ رات پاکستان کے مختلف علاقوں میں بھارتی حملے کے بعد پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کے رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی جہاز مار گرائے تھے، جن کی ویڈیوز بھی موجود ہیں۔