تاریخی مقامات کی اصلی حالت میں بحالی ناگزیر، ڈاکٹر احسان بھٹہ
سیکرٹری سیاحت، آثار قدیمہ اور عجائب گھر پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے تاریخی مقامات کو ان کی اصل حالت میں بحال کرنے پر زور دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھو کے مقبرے، گلابی باغ گیٹ وے اور شالیمار گارڈن کے قریب دائی انگہ کے مقبرے کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کنزرویشن انجم قریشی، کنسلٹنٹس مقصود ملک، محمد حسن اور دیگر بھی موجود تھے۔ دورہ کے دوران ڈاکٹر احسان بھٹہ نے بدھو کے مقبرے پر موجود تمام یادگاروں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈائریکٹر کنزرویشن کو بریفنگ لینے کے بعد مرمت کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے بعد انہوں نے گلابی باغ گیٹ وے اور دائی انگہ کے مقبرے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اوپر کی منزل کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے پی ایچ اے کے زیر انتظام خوبصورت باغبانی کی تعریف بھی کی۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مرمت کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ چھت کی فوری مرمت کی جائے۔ انہوں نے ڈائریکٹر کنزرویشن کو اس کی تکمیل کو یقینی بنانے کا کہا۔۔ مزید برآں انہوں نے پی ایچ اے اور پنجاب آرکیالوجی کو ہدایت کی کہ وہ گارڈن لائٹس کو فعال بنائیں اور یادگاروں کے اردگرد پڑے تعمیراتی سامان کو ہٹا کر ان کی صفائی کو برقرار رکھا جائے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مجموعی طور پر خوبصورت کاشی گری اور فریسکو کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان مقامات کو سیاحوں کیلئے پر کشش بنائیں گے۔



