
امریکی اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں رواں ہفتے گرمی کا عالمی ریکارڈ بن سکتا ہے۔
’واشنگٹن پوسٹ‘ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں ہفتے جنوبی ایشیا میں گرمی 50 ڈگری کے عالمی ریکارڈ کو چھو سکتی ہے، پاکستان کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں بھی درجہ حرارت 50 ڈگری تک جا سکتا ہے، اس سے پہلے نواب شاہ میں 2018 کے اپریل میں پارہ 50 ڈگری تک گیا تھا جو ایشیا بھر میں گرمی کا ایک ریکارڈ تھا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے یکم سے 4 مئی تک جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے اور کہا ہے کہ ہیٹ ویو کی موجودہ صورتحال میں کمی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے 30 اپریل کی شام تک مغربی لہر کے ملک کے بالائی علاقوں تک پہنچنے کی پیش گوئی کی ہے جبکہ یکم مئی سے شمال مشرقی پنجاب میں نمی کی لہریں داخل ہونے کا امکان ہے۔