
غزہ میں اسرائیلی فوج نے آج صبح سے اب تک مزید 23 فلسطینیوں کو شہید کردیا، جبکہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھوک سے مزید چار افراد شہید ہوگئے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی وزارتِ صحت نے بتایاہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھوک سے مزید چار اموات ریکارڈ ہوئی ہیں، جس کے بعد اسرائیل کی غزہ پر جنگ کے دوران بھوک سے شہید والے فلسطینیوں کی کل تعداد 239 ہو گئی ہے، جن میں 106 بچے بھی شامل ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت نے مزید بتایا ہے آج صبح سے اب تک کم از کم 23 فلسطینی، جن میں 10 امداد حاصل کرنے والے بھی شامل ہیں،غزہ شہر اور جنوبی غزہ کے رفح کے قریب ایک امدادی مرکز پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہو چکے ہیں۔
الجزیرہ کے نمائندے کے مطابق، غزہ کے شمال کے بڑے حصے ”بے جان بنجر زمینوں“ میں تبدیل ہو گئے ہیں۔