
جشن آزادی پاکستان کے موقع پر ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کا تہنیتی پیغام دیتے پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
ایرانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق رضا امیری مقدم نےکہا کہ عظیم پاکستانی قوم آزادی کی 78ویں پُر مسرت سالگرہ منا رہی ہے، ہم بھی پاکستان کی ثابت قدمی، اتحاد اور شاندار کامیابیوں کا جشن مناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستان کے عوام کو آزادی کی مبارکباد دیتے ہیں اور عظیم پاکستانی قوم کی اقدار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ایرانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ دوستی اور باہمی احترام کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر میں جشن کا سماں ہوتا ہے، صوبائی دارالحکومتوں سمیت وفاقی دارالحکومت میں تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں تحریک آزادی کے دوران بانیان پاکستان کی جانب سے دی گئی قربانیوں کو یاد اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔