
مصر کے ڈاکٹرز نے پیچیدہ آپریشن کے بعد مریض کے پیٹ سے کامیابی سے موبائل فون نکال لیا، آپریشن کے بعد مریض کو نگرانی کے لیے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔
عرب اخبار ’گلف نیوز‘ کے مطابق مصر ہرغاڈہ جنرل ہسپتال کے سرجنوں نے مریض کے پیٹ سے ایک چھوٹا موبائل فون کامیابی سے نکالا، جو جان لیوا رکاوٹ کا باعث بن رہا تھا۔
ریڈ سی ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق نامعلوم مریض ہسپتال میں شدید پیٹ درد، مسلسل الٹیوں اور انتہائی تھکاوٹ کی حالت میں پہنچا تھا۔
ڈاکٹرز کی جانب سے کیے گئے ایکسرے اور دیگر طبی معائنوں سے پتا چلا کہ پیٹ میں بیرون شے موجود ہے جو بعد میں ایک کمپیکٹ موبائل فون کے طور پر شناخت ہوئی جسے مریض نے حادثاتی طور پر نگل لیا تھا۔
ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کریم الشبراوی نے صحافیوں کو بتایا کہ ایک خصوصی میڈیکل ٹیم نے ہنگامی سرجری کے ذریعے اس ڈیوائس کو نکالا، اب مریض کی حالت مستحکم ہے لیکن وہ ابھی بھی طبی نگرانی میں ہے۔
ہسپتال انتظامیہ اور محکمہ صحت نے یہ واضح نہیں کیا کہ موبائل فون مریض کے پیٹ میں کیسے پہنچا۔
یہ واقعہ ہرغاڈہ میں پیش آنے والے غیر معمولی ایمرجنسی کیسز کی فہرست میں شامل ہو گیا، اس سے قبل بھی مصر میں ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں۔
سال 2021 میں مصر میں پہلا معروف کیس سامنے آیا تھا، جس میں ایک مریض نے پورا موبائل فون نگل لیا تھا جو اس کے غذائی نالی میں پھنس گیا تھا اور ہنگامی طبی مداخلت کی ضرورت پڑی تھی، بعد ازاں بھی ایک مریض کے پیٹ سے موبائل نکالا گیا تھا۔
مصر کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی ایسے غیر معمولی واقعات پیش آ چکے ہیں، طبی تاریخ میں ایسی عجیب و غریب مثالیں موجود ہیں، جہاں مریضوں نے 40 چھریوں سے لے کر ایک پاؤنڈ کیل اور پیچ تک نگل لیے اور کئی ماہ تک ان کے پیٹ میں رہے، جنہیں بعد میں نکالا گیا۔