
اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) نے کہا ہے کہ اسرائیل میں ان اہداف کو نشانہ بنایا جارہا ہے جہاں سے ایران پر جارحیت ہوئی اور جب تک ضروری ہوا، یہ کارروائی جاری رہے گی۔
مہر نیوز کے مطابق اسلامی انقلابی گارڈ کور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’آپریشن وعدہ صادق سوم‘ میں اسرائیل کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل میں ان اہداف کو نشانہ بنایا جارہا ہے جہاں سے ایران پر جارحیت ہوئی، جن میں وہ ایئربیسز بھی شامل ہیں جو ایران پر حملوں کے لیے استعمال کی گئیں، اور وہ عسکری و صنعتی مراکز بھی شامل ہیں جو اسرائیلی جنگی مشن کے لیے اسلحہ تیار کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل میں بیلسٹک میزائل اور ڈرونز سے حملے کیے گئے ہیں جب کہ ان حملوں میں وہ اہم فوجی تنصیبات شامل تھے جو مزاحمتی قوتوں، اور غزہ و فلسطین کے عوام کے خلاف کارروائیوں سے منسلک تھے۔
مزید کہا گیا کہ بےگناہوں کے خون بہائے جانے کا بدلہ لیا جارہا ہے، ایران کی سیکیورٹی سرخ لکیر ہے جس پر حملے کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
پاسدران انقلاب کے مطابق فیلڈ رپورٹس، سیٹلائٹ تصاویر اور انٹرسیپٹ شدہ مواصلات سے درجنوں اسٹریٹیجک اہداف پر درست حملوں کی تصدیق ہوئی ہے۔