سائنس

چین سے جدید ٹیکنالوجی کی پاکستان منتقلی کیلئے معاہدہ طے پا گیا

چین سے جدید ٹیکنالوجی کی پاکستان منتقلی اور ہنر مندوں کو بدلتے رجحانات کے مطابق تربیت دینے کیلئے معاہدہ طے پا گیا ۔

پانچ سالہ معاہدہ چین کی حکومت کے ماتحت کام کرنے والی گوانگ ڈونگ شو میکنگ مشینری ایسوسی ایشن اورپاکستان انڈسٹریل سیونگ مشینز امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے درمیان طے پا یا جس میں جدید ٹیکنالوجی کی پاکستان منتقلی، پاکستانی ہنر مندوں کو بدلتے رجحانات کے مطابق تربیت ،فٹ ویئر انڈسٹریز ،لیدر پروسیسنگ اور لیدر سے بنائی جانے والی مختلف مصنوعات کی جدید مشینری خاص طور پر ٹیکنالوجی کی پاکستان منتقلی اورگارمنٹس مشینری میں جدت لانا شامل ہے۔

پسمیڈا کے وائس چیئرمین محمد یاسین نے چین میں منعقدہ عالمی نمائش ”جسما ” کے منتظمین کی خصوصی دعوت پر شرکت کر کے مختلف ممالک کی ایسوسی ایشنز کے عہدیداروںاور کمرشل اتاشیوں سے ملاقاتیں کر کے دو طرفہ امور بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

محمد یاسین نے کہا کہ گوانگ ڈونگ شو میکنگ مشینری ایسوسی ایشن اور پسمیڈا کے درمیان ہونے والے تاریخی معاہدے سے پاکستان کی متعدد انڈسٹریز استفادہ حاصل کر سکیں گی ۔ عید الاضحی کے بعد تمام متعلقہ انڈسٹریز کے ذمہ داران سے ملاقاتیں کر کے انہیں معاہدے کی افادیت سے آگاہ اور اس سے استفادہ کرنے کے حوالے سے رہنمائی دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے کی ترجیحات میں اسٹریٹجک تعاون کے عزم کے تحت وفود کے تبادلوں اور تعاون کو فروغ دے کر طویل المدتی اور مستحکم شراکت داری ،ٹیکنالوجی، انتظامی امور، افرادی قوت کی ترقی اور دیگر متعلقہ شعبہ جات میں تبادلہ خیال اور تعاون کو مضبوط بنانا،دونوں ممالک کی منڈیوں میں مشترکہ طور پر ترقی کے مواقع تلاش کرنا اور دونوں ممالک کی صنعتوں کی باہمی ترقی کو فروغ دینا شامل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہماری انڈسٹریز جدید مشینری کا استعمال کرتی ہیں تو اس سے نہ صرف کم وقت میں اعلیٰ معیار کی پروڈکشن گروتھ ہو سکے گی جس سے ہماری برآمدات پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوںگے ۔حکومت سرپرستی کرے تو اس طرز کا معاہدہ پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اورہنر مندوں کی تربیت کے میدان میں انقلاب برپا کر سکتا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ متعلقہ ادارے اس حوالے سے مثبت پیشرفت کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button