شو بز

جنات سے متعلق گفتگو کرنے پر وہ پاس آجاتے ہیں

اداکارہ سونیا حسین نے کہا ہے کہ فلم ’دیمک‘ کی شوٹنگ کے دوران کبھی کبھار ایسی آوازیں سنائی دیتی تھیں جیسے کوئی چیزیں کھسکا رہا ہو۔

سونیا حسین ان دنوں اپنی ہارر فلم ’دیمک‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں اور اسی سلسلے میں مختلف انٹرویوز دے رہی ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم آل پاکستانی ڈرامہ پیج کو ایک انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے فلم سے متعلق دلچسپ باتیں شیئر کیں۔

اداکارہ نے کہا کہ ڈر یا خوف دراصل ایک ایسا احساس ہے جسے انسان خود محسوس کرتا ہے، کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جو پیرانارمل ہوتی ہیں، یعنی غیر معمولی اور ماورائی ہوتی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ کچھ طاقتیں اچھی اور کچھ بری ہوتی ہیں، جن کے بارے میں ہم نے اپنے نظریات قائم کر لیے ہوتے ہیں، جیسے کہ یہ چیز فلاں اثر ڈالے گی یا اُس کا کوئی خاص مطلب ہوگا، درحقیقت یہ سب ہمارے اندرونی احساسات ہوتے ہیں۔

جنات پر ایمان سے متعلق سوال کے جواب میں سونیا حسین نے کہا کہ میں جنات پر یقین رکھتی ہوں، ان کا ذکر قرآن پاک میں بھی آیا ہے، اس لیے ان کی حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے بتایا کہ فلم ’دیمک‘ کی کہانی کوئی خیالی تصور نہیں بلکہ سچے واقعات پر مبنی ہے، اس لیے میں مانتی ہوں کہ جنات حقیقت میں موجود ہوتے ہیں اور اگر ان کا ذکر کیا جائے تو وہ آس پاس آبھی جاتے ہیں۔

سونیا حسین نے مزید بتایا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران جنات سے متعلق کوئی بڑا واقعہ تو پیش نہیں آیا، لیکن کچھ عجیب و غریب باتیں ضرور ہوئیں، کبھی کبھار اچانک سے جنریٹر بند ہوجاتا تھا، حالانکہ کسی بھی اور سیٹ پر ایسا نہیں ہوتا، بعض اوقات لائٹ اچانک چلی جاتی تھی، جس کے باعث ہمیں سین کو دوبارہ شوٹ کرنا پڑتا تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کبھی کبھی ایسی آوازیں آتی تھیں جیسے کوئی چیزیں کھسکا رہا ہو، یہ نہیں معلوم کہ وہ آوازیں کون پیدا کرتا تھا، لیکن سیٹ پر ایسا ہوتا تھا، جو کافی عجیب لگتا تھا۔

فلم دیمک عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے جارہی ہے، جس میں سونیا حسین کے ساتھ فیصل قریشی اور ثمینہ پیرزادہ بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے، اس فلم کے ذریعے سونیا حسین نہ صرف اداکاری بلکہ پروڈکشن میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہی ہیں۔

فلم کا جاری کردہ ٹریلر کہانی کو مکمل طور پر واضح نہیں کرتا، تاہم اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ثمینہ پیرزادہ فلم میں ایک اہم اور مشکل کردار ادا کررہی ہیں۔

ٹریلر میں ثمینہ پیرزادہ، بشریٰ انصاری، جاوید شیخ اور سونیا حسین سمیت دیگر فنکاروں کے کرداروں کی جھلک دکھائی گئی ہے۔

ٹریلر سے اشارہ ملتا ہے کہ فلم کی کہانی فیصل قریشی، ان کی اہلیہ سونیا حسین اور ان کی والدہ ثمینہ پیرزادہ کے گرد گھومتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button