
چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن کے ملازمین کو کروڑوں روپے سے نواز دیا، دستاویزات کے مطابق الیکشن کمیشن کے خلاف ٹربیونل اور عدالتوں میں کیسز کرنے والے ملازمین کو بھی اعزازیے نہیں دیے گئے۔
معلوم ہوا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے جنوری، فروری، مارچ اور مئی کے مہینوں میں ملازمین کو کروڑوں روپے کے اعزازیے سے نوازا ہے۔
کروڑوں روپے کے یہ اعزازیے 4 مختلف مراحل میں دیے گئے، انضباطی انکوائریز والے ملازمین اور پی ای آرز میں منفی ریمارکس والے ملازمین کو اعزازیے نہیں دیے گئے۔
الیکشن کمیشن کے خلاف ٹربیونل اور عدالتوں میں کیسز کرنے والے ملازمین کو بھی اعزازیے نہیں دیے گئے۔
30 جنوری سے پہلے چھٹیوں پر رہنے والے ملازمین کو بھی اعزازیہ نہیں دیا گیا۔
اعزازیے الیکشن کمیشن کے چارجڈ بجٹ سے دیے گئے، گریڈ 2 سے 9 تک کے ملازمین کو 4 بنیادی تنخواہیں اعزازیے کی مد میں دی گئیں، گریڈ 11 سے 17 تک کے ملازمین کو 3 بنیادی تنخواہیں اعزازیے کی مد میں دی گئیں۔
گریڈ 18 سے اوپر کے ملازمین کو بنیادی تنخواہیں اعزازیے کی مد میں دی گئیں، الیکشن کمیشن کے دیگر تمام ملازمین کو اعزازیے دیے گئے ہیں۔