پاکستان

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ-1 کامیابی سے مکمل کر لیا: آئی ایس پی آر

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ-1 کامیابی سے مکمل کر لیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پنجگور اور ہرنائی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز میں 216 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے، بھارتی پراکسی نیٹ ورکس کو شدید دھچکا لگا، ان کی قیادت اور کمانڈ سسٹم تباہ کر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان کی بلوچستان میں بدامنی کی کوششیں خاک میں ملا دی گئیں، ہلاک دہشت گردوں سے غیرملکی اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، ہلاک دہشت گردوں سے جدید آلات کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردوں کو بیرونی سہولت کاری اور لاجسٹک سپورٹ کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، آپریشن کے دوران 36 معصوم شہری شہید ہوئے۔ مادر وطن کے دفاع میں 22 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو سلام، قوم اہلِ خانہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

بیرونی پشت پناہی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے: صدر

صدرِ مملکت آصف زرداری نے آپریشن ردالفتنہ1 کی تکمیل پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والےاداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے فتنہ الہندوستان کی مذموم کوشش ناکام ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی پشت پناہی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے، انٹیلی جنس کارروائیوں سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کی کمر توڑ دی گئی۔

صدرِ مملکت نے آپریشن میں شہید ہونے والے شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت اور اہلِخانہ سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء  کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔

پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانی کبھی فراموش نہیں کر سکتی: وزیرِاعظم

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آپریشن ردالفتنہ کی کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور 216 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔

وزیرِ اعظم نے کارروائیوں کے دوران خواتین اور بچوں سمیت 36 افراد کی شہادت پر دکھ اور رنج کا اظہار کیا، جام شہادت نوش کرنے والے 22 سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانی کبھی فراموش نہیں کر سکتی، دہشت گردوں کے امن خراب کرنے کے ناپاک عزائم خاک میں ملاتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو نشانہ بنا کر دہشت گردوں نے یہ ثابت کر دیا کہ یہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کے دشمن ہیں، دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، وطن کی حفاظت کے عزم میں مجھ سمیت قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں بےامنی کی سازش ناکام بنائی: وزیر داخلہ

دوسری جانب وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں آپریشن مکمل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے 216 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو سلام کرتا ہوں۔

محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کی ہے، سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں بےامنی کی سازش ناکام بنائی۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا انجام عبرتناک موت ہے۔ شہداء ہمارا فخر ہیں اور ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button