
ایبٹ آباد میں شوکت خانم میموریل کینسر اینڈ ریسرچ سنٹر کی فنڈ ریزنگ مہم
ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی) شوکت خانم میموریل کینسر اینڈ ریسرچ سنٹر کی ایبٹ آباد میں فنڈ ریزنگ مہم، طبی اداروں کے طلباء اور مخیر افراد نے 20 لاکھ روپے سے زاہد عطیات دیئے۔
اس ضمن میں ہفتہ کے روز شوکت خانم میموریل کینسر ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سنٹر کے لئے ایبٹ آباد کی والنٹیئرٹیم نے فنڈ ریزنگ تقریب کا انعقاد کیا ۔تقریب میں ڈاکٹر نعمان صدیقی ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایبٹ آباد ڈاکٹر شہزاد اقبال ،وویمن ڈنٹیسٹری ہاسپٹل کے ڈاکٹر جاوید ،ایکسئین واپڈا راجہ اسفند یار ،طبی اداروں کے طلباء کاروباری طبقہ کے مرد و خواتین ،کینسر سے صحت یاب ہونے والے افراد کے علاوہ سرکردہ افراد شریک تھے۔
تقریب میں شوکت خانم کے مارکیٹنگ ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر محمد عامر کا ملٹی میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا تین دہائیاں قبل پاکستان میں کینسر کے حوالے سے مایوس کن صورتحال تھی۔ایسے وقت میں شوکت خانم کا وجود عمل میں لایا گیا ۔جس کو پاکستانی قوم نے ممکن بنایا۔شوکت خانم لاہور ،پشاور کے بعداب کراچی میں ہسپتال کی تعمیر کی گئی ہے ۔جس کا باقاعدہ افتتاح دسمبر میں ہوگا۔شوکت خانم ہسپتال کا رواں سال میں 43 ارب کا بجٹ تخمینہ ہے جس میں 11 ارب روپے کلینیکل آمدنی ہوگی جب کہ باقی زکوۃ ،خیرات اور ڈونیشن کے زریعے حاصل کئے جائیں گے۔

ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر محمد عامر نے مزید بتایا کہ شوکت خانم ہسپتال کراچی کا بانی رکن بننے کے لیے ساڑھے ساتھ لاکھ ڈونیشن دے کر رکنیت حاصل کی جاسکتی ہے جس کا باقاعدہ نام ہمیشہ کے لئے آویزاں کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا ہے کہ شوکت خانم کو ملنے والے صدقات ،عطیات،خیرات کا آڈٹ کیا جاتا ہے ۔
ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر محمد عامر کا مزید کہناتھا شوکت خانم میں اسٹیٹ آف دی آرٹ مشینری موجود ہے جہاں کینسر علاج کی تمام سہولیات میسر ہیں ۔شوکت خانم ہسپتال کراچی کی تعمیر میں 31 ارب کا تخمینہ لگایا گیا جس میں 21 ارب تعمیرات اور باقی مشینری کی خریداری کے لئے ہیں ۔کراچی کی ہسپتال کو فعال بنانے کے لئے 9 ادب درکار ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ ایبٹ آباد میں دوسرا سال ہے فنڈ ریزنگ کی جا رہی ہے ۔ہزارہ ڈویژن کے اضلاع ہریپور ،ایبٹ آباد اور مانسہرہ سے گزشتہ برس میں 82 لاکھ کے عطیات جمع ہوئے ہیں ۔شوکت خانم پشاور میں 4 ہزار تین سو 12 مریضوں میں ایبٹ آباد کے 469 مریضوں کا گزشتہ پانچ برس میں علاج ہوا ہے اور 241 مریضوں کا علاج 2025 میں ہوا۔
تقریب میں معروف ٹی وی آرٹسٹ توثیق حیدر نے شرکاء کو ہسپتال کے مستحق مریضوں کے لیے ایس ایم ایس سروس کے زریعے عطیات کی ترغیب دی ۔جب کہ 2025 میں ایس ایم سروس سے ساڑھے تین کروڑ اکھٹا ہوا تھا ۔
تقریب میں کینسر کے مرض سے صحت یاب ہونے والے ایبٹ آباد کے رہائشی ارسلان فرید اور ہسپتال میں علاج معالجہ کروانے والے اجمل وحید خوشی نے بھی اپنے احساسات سے آگاہ کیا۔اور اس بات پر زور دیا کہ شوکت خانم ہسپتال میں بین الاقوامی طرز کا 80 فیصد مریضوں کا مفت علاج ہوتا ہے۔ ماہ رمضان المبارک بھی قریب ہے مخیر افراد اپنی زکوۃ ،صدقات ،عطیات اور خیرات سے بڑھ چڑھ کر اس کار خیر میں حصہ لیں۔تاکہ کسی کا بچہ بچی ،ماں باپ اور بیٹا کینسر کے خوف میں علاج سے محروم نہ رہے۔



