پاکستان

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں کا صحافتی آزادی کے فروغ اور صحافیوں کی حمایت کے عزم کا اعادہ

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے صحافتی آزادی کے تحفظ اور صحافیوں کو درپیش پیشہ ورانہ و فلاحی مسائل کے حل کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد، ذمہ دار اور مضبوط میڈیا ایک فعال جمہوریت کی بنیاد ہوتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان انگلش میڈیا ایسوسی ایشن (PEMA) کے عہدیداران سے مقامی ہوٹل میں ہونے والی غیر رسمی ملاقات کے دوران کیا۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے یقین دہانی کرائی کہ پنجاب اسمبلی، صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل میں مثبت اور مؤثر کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا کو جمہوری نظام، شفافیت اور احتساب کا ایک اہم ستون سمجھتی ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے مزید کہا کہ قیامِ پاکستان سے اب تک انگلش میڈیا نے قومی مکالمے کی تشکیل، باخبر بحث کے فروغ اور جمہوری اداروں کے استحکام میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے صحافیوں کی قربانیوں اور درپیش چیلنجز کا اعتراف کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کے کام کے حالات بہتر بنانے، پیشہ ورانہ تحفظ یقینی بنانے اور ادارہ جاتی معاونت کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

اس موقع پر PEMA کے صدر رمیز خان نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو صحافیوں کو درپیش اہم مسائل سے آگاہ کیا، جن میں معلومات تک رسائی، تحفظ اور پالیسی سازوں کے ساتھ منظم روابط کی ضرورت شامل ہے۔

انہوں نے PEMA کے قیام کے مقاصد بھی بیان کیے، جن کا مقصد میڈیا، قانون سازوں اور انتظامیہ کے درمیان مؤثر رابطہ قائم کرنا اور صحافیوں کے حقوق و فلاح کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔

ملاقات میں چیئرمین ذوالقرنین طاہر (ڈان)، صدر رمیض خان (ایکسپریس ٹریبیون)، جنرل سیکرٹری علی رضا (دی نیوز)، گورننگ باڈی کے ارکان بابر ڈوگر، سامی اللہ فرید رندھاوا، اقتدار گیلانی مبشر بخاری،مبشر حسن اور اطہر بشیر بھی موجود تھے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے صحافتی برادری کے ساتھ مسلسل مکالمے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب اسمبلی صحافیوں کے ساتھ تعمیری روابط جاری رکھے گی۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button