پاکستان

زرعی شعبے کے گریجو ایٹس کی استعداد بڑھانے کیلئے آرگینک زراعت کیلئے بھی منصوبہ لایا جائے

آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے مطالبہ کیا ہے کہ زرعی شعبے کے گریجو ایٹس کی استعداد بڑھانے کیلئے چین میں تربیتی پروگرام کی طرز پر آرگینک زراعت کیلئے بھی منصوبہ لایا جائے ،ایس آئی ایف سی دیگر شعبوں کی طرح آرگینک خوراک اور مصنوعات کی برآمدات کے فروغ کے لئے بھی اقدامات کرے ، متعلقہ وزارتیں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں جس کے تحت سرٹیفکیشن اور بیرون ممالک سپر سٹورز پر پاکستانی آرگینک خوراک اور مصنوعات کو ڈسپلے کرنے کیلئے معاونت فراہم کی جائے ۔ اپنے بیان میں نجم مزاری نے کہا کہ نجی شعبہ عرصہ دراز سے وفاقی او رصوبائی حکومتوں کے سامنے آرگینک خوراک اور مصنوعات کے فروغ کیلئے نہ صرف اپنی آواز بلند کر رہا ہے بلکہ عملی تجاویز بھی پیش کر رہا ہے ۔ ہم توقع رکھتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف جنہوں نے صوبے کی ترقی کے لئے بے پناہ اقدامات اٹھائے ہیں ہماری تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پیشرفت کے احکامات جاری کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی سے بھی اپیل ہے کہ وہ بھی اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کریں ۔ہم دلچسپی رکھنے والے کسانوں کیلئے تربیتی پروگرام شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ نجم مزاری نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں آرگینک خوراک او رمصنوعات کی مانگ میں جس رفتار سے اضافہ ہو رہا ہے ہمیں اس کے لئے خود کو تیار کرنا چاہیے اور اربوں ڈالر ز کی عالمی مارکیٹ سے اپنا شیئر وصول کرنے کے لئے سنجیدگی سے حکمت عملی مرتب کرنی چاہیے ۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button