تعلیم میں تفریق ختم کر کے ہی پاکستان صحیح معنوں میں ترقی کرسکے گا۔ جہانگیر خان ترین

جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم سے ہی ہمارے بچوں اور ملک کی تقدیر بدلے گی،پاکستان میں 2 طبقات ہیں ایک وہ جو اپنے بچوں کو بہترین پرائیویٹ اداروں سے تعلیم دلوا سکتے ہیں اور دوسری طرف سرکاری سکول جہاں بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں، ہمیں یہ فرق ختم کرنا ہوگا جب یہ فرق ختم ہوگا تو پاکستان صحیح معنوں میں ترقی کرسکے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول 27-10 آر خانیوال اور گورنمنٹ ماڈل گرلز ہائر سیکنڈری سکول میاں چنوں میں سائنس و کمپیوٹر لیبز کے افتتاح کے موقع پر تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں سرکاری سکولوں کا معیار بہتر کرنا ہوگا تاکہ ہمارے بچے موجودہ دنیا کا مقابلہ کر سکیں اور پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ہم جنوبی پنجاب کے طلبا و طالبات کو اعلی اور معیاری تعلیم کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر علی خان ترین نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے سب سے زیادہ خوشی تعلیم پر خرچ کر کے ہوتی ہے کیونکہ ہمارے بچوں کا مستقبل اس سے وابستہ ہے اور اسی سے پاکستان کی ترقی ممکن ہوگی،میں تمام والدین سے گزارش کروں گا کہ وہ اپنے بچوں خاص طورپر بچیوں کو خصوصی طور پر تعلیم دلوائیں۔
اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایجوکیشن خانیوال فیاض احمد سندھو، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ترین ایجوکیشن فائونڈیشن اکبر خان بھی موجود تھے۔



