آئندہ بجٹ میں آرگینک زراعت کی ترقی کیلئے فنڈز مختص کئے جائیں’ نجم مزاری

آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے کہاہے کہ آرگینک زراعت کے فروغ اور اس کی مصنوعات کی برآمدات کیلئے حکومت اور نجی شعبے کے جوائنٹ ونچر کی پالیسی آنی چاہیے، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں آرگینک زراعت اور برآمدات کیلئے باضابطہ فنڈز مختص کرنے کا اعلان ہونا چاہیے ۔ اپنے بیان میں نجم مزاری نے کہا کہ نجی شعبہ آرگینک زراعت اور اس مصنوعات کے فروغ کے لئے ہر ممکن کاوشیں کر رہا ہے لیکن حکومتی سرپرستی کے بغیر برآمدات میں اضافہ ممکن نہیں ،منصوبہ بندی ،غذائی تحفظ ،ریسرچ اور تجارت کے وفاقی وزرا سے اپیل ہے کہ ہمارے مطالبات کو سنا جائے تاکہ اس جانب پیشرفت ہو سکے ، پاکستان کو اس وقت برآمدات میں اضافے کی اشد ضرورت ہے اور آرگینک کا شعبہ جلد نتائج دے سکتا ہے ۔ نجم مزاری نے کہا کہ آرگینک زراعت کے فروغ سے ہماری زرعی معیشت کو ایک نئی سمت مل سکتی ہے اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ حکومت سے اپیل ہے کہ آرگینک زراعت اور اس کی مصنوعات کی برآمدات کیلئے عالمی سطح پر درکار مطلوبہ سٹینڈرڈز کو پورا کرنے کیلئے نجی شعبے کی سرپرستی کرے ،آغاز میں سبسڈی اور ہر طرح کی تکنیکی معاونت دی جائے تاکہ یہ شعبہ اپنے پائوں پر کھڑا ہو سکے ۔ اگر حکومت ہاتھ تھام لے تو یہ شعبہ سالانہ اربوں ڈالر زکا قیمتی زر مبادلہ حاصل کر نے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔



