پاکستان

سکھ یاتریوں کا تاریخی ورثے کے تحفظ کے اقدامات کی بھرپور پذیرائی

برطانیہ اور کینیڈا سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں کے ایک وفد نےگزشتہ روز پونچھ ہاؤس اور بھگت سنگھ گیلری کا دورہ کیا، جہاں ٹورزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (TDCP) کے افسران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
وفد کو پونچھ ہاؤس کی تاریخی اہمیت سے متعلق بریفنگ دی گئی، جس کی تعمیر 1849ء میں ہوئی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے میگنیفیسنٹ پنجاب وژن کے تحت اس کی مکمل بحالی کی گئی ہے۔ کمیٹی روم میں وفد کو ایک خصوصی دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں عمارت کی بحالی، اس کے ثقافتی پس منظر اور شہید بھگت سنگھ کی جدوجہد کو اجاگر کیا گیا۔
بعد ازاں سکھ یاتریوں نے عمارت کے اندر قائم بھگت سنگھ گیلری کا دورہ کیا، جہاں 1931ء میں بھگت سنگھ کے عدالتی ٹرائل کے آخری ایام کی حقیقی عکاسی کی گئی ہے۔ اس موقع پر یاتریوں کو بھگت سنگھ کی زندگی، جدوجہد، قید و بند کی صعوبتیں، عدالت میں پیشی اور اہم یادگار اشیاء کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔
وفد نے سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی خصوصی دلچسپی اور رہنمائی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کے یہ اقدامات نہ صرف تاریخی ورثے کے تحفظ کا بہترین نمونہ ہیں بلکہ نئی نسل کو اپنے ثقافتی و سیاسی ہیروز سے روشناس کرانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
یاتریوں نے عمارت کے مرکزی ہال میں واقع پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن (PSIC) کے خصوصی اسٹال کا بھی معائنہ کیا اور پونچھ ہاؤس اور بھگت سنگھ سے متعلق خوبصورت سووینئرز خریدے۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button