
ملک میں اس سال کی پہلی ہیٹ ویو کے لیے تیاریاں جاری ہیں جبکہ محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے خبردار کیا ہے کہ آج سے ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ بڑھ جائے گا اور یہ صورتحال تین سے چار دن برقرار رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے مطابق 15 سے 20 مئی کے دوران ملک کے بیشتر حصوں پر ایک بلند دباؤ والا موسمی نظام چھا جانے کا امکان ہے، اس کے نتیجے میں سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان سمیت جنوبی علاقوں میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
ادھر وسطی اور بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 15 سے 19 مئی کے دوران درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ 19 مئی کی شام یا رات کو ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا ایک نیا نظام داخل ہونے کا امکان ہے، اس کے زیرِ اثر 19 اور 20 مئی کو آزاد کشمیر، اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش، آندھی اور بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے عوام خصوصاً بچوں، بزرگ شہریوں اور خواتین سے ہیٹ ویو کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے، ان تدابیر میں براہِ راست دھوپ سے بچنا اور جسم کو مناسب حد تک پانی کی فراہمی یقینی بنانا شامل ہے۔
کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی زرعی سرگرمیاں تبدیلی کریں اور مویشیوں کو شدید گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی اقدامات کریں۔