
ڈی جی این سی سی اے وقارالدین سید کو عہدے سے ہٹا دیا
وفاقی حکومت نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل وقارالدین سید کو عہدے سے ہٹا دیا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وقارالدین سید کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ان کی جگہ پولیس سروس آف پاکستان (PSP) کے گریڈ 21 کے افسر سید خرم علی کو نیا ڈی جی نیشنل سائبر کرائم ایجنسی تعینات کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تقرری اور تبادلے کے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیے ہیں۔ نئے ڈی جی سید خرم علی جلد اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کے بعض افسران پر کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے سنگین الزامات سامنے آنے پر وفاقی وزیر داخلہ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے کرپشن الزامات پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا ہوا ہے، اور اب تک کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ مختلف کارروائیوں کے دوران اربوں روپے کی رقم وصول کی گئی، جو بعدازاں بیرونِ ملک منتقل کی جاتی رہی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی سی آئی اے کے افسروں کے بیرونِ ملک سفر کی تفصیلات بھی اکٹھی کی جا رہی ہیں، جب کہ مزید افسران سے بھی تحقیقات کا دائرہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے



