آرمی برن ہال کالج برائے طالبات ایبٹ آباد میں سالانہ یومِ والدین و تقسیمِ انعامات کی پروقار تقریب
ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی)آرمی برن ہال کالج برائے طالبات ایبٹ آباد میں سالانہ یومِ والدین اور تقسیمِ انعامات کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایاز سلیم رانا تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آف اسٹڈیز پی ایم اے بریگیڈیئر رضا محمد خان تنولی، پرنسپل گرلز کالج کرنل ڈاکٹر محمد منور خان، ڈائریکٹر کالج محمد قاسم نواز گوندل، اساتذہ، والدین اور طالبات کی بڑی تعداد شریک تھی۔تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد طالبات نے جمناسٹک، کراٹے، پی ٹی شو، بینڈ پرفارمنس، صوفی رقص، ملی نغمے، اردو و انگلش تقاریر، اور ملک کے چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کی ثقافت کو خوبصورت انداز میں پیش کیا۔ تقریب میں ابلیس اور انسان کے درمیان ایک فکری و بامقصد خاکہ بھی پیش کیا گیا جس نے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔طالبات نے سوشل میڈیا کے منفی اثرات پر عملی مظاہرہ پیش کیا اور پنجابی لوک داستان "راول جگنی” کی اعلیٰ فنکارانہ عکاسی بھی کی۔ اس موقع پر سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان بھی کیا گیا۔ پرنسپل کرنل ڈاکٹر منور خان نے بتایا کہ میٹرک میں 131 طالبات نے امتحان دیا، جن میں سے 104 نے A1 گریڈ، 24 نے A گریڈ حاصل کیا۔ 32 طالبات نے 1000 سے زائد نمبر حاصل کیے، جبکہ ہانیہ جدون نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1059 نمبر حاصل کیے۔انٹرمیڈیٹ میں 135 طالبات میں سے 100 نے A1 گریڈ حاصل کیا۔ عائشہ امجد نے 1050 نمبر حاصل کیے۔Oلیول میں 17 طلبہ نے سو فیصد نتائج دیے، A لیول میں 8 طلبہ 3 اےاور 8A گریڈ حاصل کیے۔پرنسپل کے مطابق نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات کو 25 فیصد ٹیوشن فیس میں رعایت دی گئی۔مہمانِ خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایاز سلیم رانا نے اپنے خطاب میں کہا کہ "اپنے مادر علمی میں آ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ آرمی برن ہال میں طالبات کو معیاری تعلیم کے ساتھ کردار سازی اور محب الوطنی کی بہترین تربیت دی جا رہی ہے۔”انہوں نے سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں شیلڈز، چیف آف آرمی اسٹاف گولڈ میڈلز، میرٹ سرٹیفکیٹس اور کھیلوں میں بہترین کارکردگی پر ٹرافیز تقسیم کیں۔ اس سال اقبال ہاؤس نے چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کی۔تقریب کے اختتام پر پرنسپل نے مہمانِ خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی، جبکہ ریٹائرڈ ہونے والے ملازم محمد سجاد کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔ صوفی رقص، "معرکۂ حق” اور دیگر تخلیقی مظاہرے پیش کرنے والے طالبات کو نقد انعامات سے بھی نوازا گیا۔



