کاروبار

ہاتھ سے بنے قالینوں کی تین روزہ عالمی نمائش اختتام پذیر ہو گئی

تین روزہ عالمی نمائش ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت اور معیشت کیلئے کامیابیاں سمیٹنے کے بعد اختتام پذیر ہو گئی ،غیر ملکی خریداروں کی جانب سے کئے گئے معاہدوں کی وجہ سے رواں مالی سال میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات او ر زر مبادلہ کے حصول میں بڑے پیمانے پر اضافے کا تخمینہ ہے ۔ نمائش میں شرکت کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کے نمائندوں نے بہترین ہاسپیٹلٹی پر منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عالمی نمائش میں اعلیٰ معیار کی بہترین مصنوعات کے سٹالز لگائے گئے ، پاکستانی ہنر مندوں کے تیار کردہ قالینوں کی مانگ ہے ، مختلف ممالک سے آنے والی تمام کمپنیوں نے قالینوں کی خریداری کی ہے ۔پی سی ایم ای اے کے چیئرمین میاں عتیق الرحمان اور چیئرمین ایگزیبیشن ریاض احمد نے بتایا کہ تین روزہ عالمی نمائش نے ہماری توقعات سے بڑھ کر کامیابی حاصل کی ہے ، غیر ملکی خریداروں نے اعلی معیار اور دیدہ زیب ڈیزائنوں کی وجہ سے پاکستانی مصنوعات کو بے حد پذیرائی دی ہے اور عمومی جائزے کے مطابق نمائش میں سٹالز لگانے والے تمام مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کو برآمدی آرڈرز ملے ہیں جو صنعت کے لئے ہوا کا تازہ جھونکا ہے ۔ انہوں نے غیر ملکی خریداروں کی پاکستان آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن کے دورس نتائج ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عالمی نمائش پاکستانی ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات میں اضافے کا بڑا ذریعہ ثابت ہوئی ہے جو مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے شکر گزار ہیں جن کی ہر طرح کی معاونت میسر آنے سے عالمی نمائش کو کامیاب بنانے میں مدد ملی ۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button