کراچی کے علاقے ملیر میں ایک ہفتہ قبل قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے سینیئر صحافی اور اینکر پرسن امتیاز اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔
پولیس اور خاندانی ذرائع کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے سینئر صحافی اور اینکرپرسن، جن پر 21 ستمبر کی رات ملیر کے کالا بورڈ کے قریب ان کی گاڑی پر مسلح حملہ کیا گیا تھا، اتوار کی رات ایک نجی اسپتال میں علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔
21 ستمبر بروز اتوار میٹرو نیوز کے اینکرپرسن امتیاز میر اپنے دفتر سے قائدآباد میں واقع گھر جا رہے تھے۔ ان کی گاڑی ان کے بڑے بھائی محمد صالح چلا رہے تھے جب دو موٹرسائیکلوں پر سوار چھ حملہ آوروں نے قومی شاہراہ پر ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
امتیاز میر کے منہ اور سینے پر کئی گولیاں لگی تھیں اور انہیں لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ حملے میں ان کے بڑے بھائی بھی معمولی زخمی ہوئے تھے۔
ان کے بھائی ریاض علی، جو اس کیس کے مدعی ہیں، نے اتوار کی رات بتایا کہ ان کے بھائی علاج کے دوران جاں بحق ہو گئے ہیں



