شو بز

59 سالہ سلمان خان شادی کرنے کے بجائے باپ بننے کے خواہشمند

ہمیشہ شادی کے سوالات سے گریز کرنے والے سلمان خان نے پہلی بار کھل کر اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب والد بننا چاہتے ہیں، چاہے یہ بغیر شادی کے ہی کیوں نہ ہو۔

59 سالہ سلمان خان ہمیشہ شادی کے موضوع کے حوالے سے خبروں کی زینت بنتے رہے ہیں، کبھی یہ سوال زیرِ بحث رہتا کہ وہ کب شادی کریں گے اور کس سے کریں گے، تاہم اس بار وہ ایک حیران کن خواہش کے باعث میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے ہیں۔

بھارتی ویب سائٹ کے مطابق سلمان خان نے حال ہی میں عامر خان کے ہمراہ ایمازون پرائم کے پروگرام ’ٹو مچ وِد کاجول اور ٹوئنکل کھنہ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پہلی بار اپنے ماضی کے تعلقات اور مستقبل کی خواہشات پر کھل کر گفتگو کی۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ان کے ماضی کے تعلقات اس لیے کامیاب نہیں ہو سکے کیونکہ جب ایک رشتے میں پارٹنر ایک دوسرے سے حد سے زیادہ توقعات رکھتا ہے تو اختلافات پیدا ہوجاتے ہیں۔

ان کے مطابق زندگی میں دونوں کو ساتھ آگے بڑھنا چاہیے، اگر ایک پارٹنر دوسرے سے زیادہ آگے نکل جائے تو غیر یقینی کیفیت جنم لیتی ہے، اس لیے دونوں کو ایک ساتھ ترقی کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارٹنرز کو ایک دوسرے پر دباؤ کم ڈالنا چاہیے اور یہی ایک کامیاب رشتے کی بنیاد ہے۔

اس موقع پر عامر خان نے ان سے رشتوں کے حوالے سے سوال کیا، جس پر سلمان خان نے صاف الفاظ میں کہا کہ اگر کوئی رشتہ نہیں چل سکا تو نہیں چل سکا اور اگر کسی کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا جا سکتا ہے تو وہ خود ہیں۔

تاہم، گفتگو کا سب سے اہم لمحہ اس وقت آیا جب سلمان خان نے اپنی سب سے بڑی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ شادی نہ بھی کریں، لیکن اب وہ باپ بننا چاہتے ہیں اور یہ خواب بہت جلد پورا کریں گے، جب ان سے گود لینے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ نہیں، کبھی نہیں۔

اداکار نے وضاحت کی کہ ان کے پاس اپنے بچے کی دیکھ بھال کے لیے ایک پورا خاندان موجود ہے، ان کے پاس ایک پورا گاؤں ہے، ایک ضلع ہے، جو ان کا خاندان ہے، ہمارے خاندان کی خواتین بچوں کی دیکھ بھال کے لیے ہمہ وقت موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ علیزے اور آیان پہلے ہی بڑے ہو چکے ہیں اور اب آیت بھی ہے، جب تک ان کے اپنے بچے ہوں گے، آیت بھی ان کی دیکھ بھال کرنے کے قابل ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ علیزے اور آیان اگنی ہوتری، اداکار و پروڈیوسر اتل اگنی ہوتری اور سلمان خان کی بہن الویرا خان اگنی ہوتری کے بچے ہیں، جب کہ آیت، سلمان خان کی چھوٹی بہن ارپیتا خان اور اداکار آیوش شرما کی بیٹی ہے۔

پروگرام کے دوران کاجول نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ خان کا نام آئندہ نسلوں تک پہنچانا چاہتے ہیں، اس پر سلمان خان نے جواب دیا کہ کیا میراث؟ ہم نے ایسا کیا کیا ہے؟ ایسا نہیں کہ ہم نے کوئی راکٹ سائنس دے دی ہو۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button