
کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) خیبر پختونخوا کے وفد نے گزشتہ روز سیکریٹری اطلاعات وتعلقات عامہ خالد خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں خیبر پختونخوا سے شائع ہونے اخبارات کو درپیش مسائل بالخصوص اشتہارات کی مد میں سالہاسال کے بقایاجات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔
جس پر سیکریٹری اطلاعات نے وفد کو اخبارات کے مسائل حل اور واجبات ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
انھوں نے کہا کہ علاقائی اخبارات کی اہمیت مسلمہ ہے۔
ملک اور صوبے کی ترقی میں علاقائی اخبارات کا قابل ستائش کردار ہے۔ خیبر پختونخوا سے شائع ہونے والے اخبارات نے ہمیشہ ملکی مفادات کو مقدم رکھا اور صوبے میں مثبت صحافت کو فروغ دیا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت پرنٹ میڈیا کے فروغ کے لیے اقدامات کرے گی اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔
وفد میں عدنان ظفر (نائب صدر)، طاہر فاروق (جوائنٹ سیکریٹری)، فضل حق (ممبر اسٹینڈنگ کمیٹی) اور مسعود خان (ممبر اسٹینڈنگ کمیٹی) شامل تھے جبکہ ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ محمد سلیم خان اور ڈائریکٹر اطلاعات ابن امین خان بھی موجود تھے۔