پاکستان

بھارتی جارحیت پر جنرل عاصم منیر کی قیادت میں مثال قائم کی گئی، امریکی اخبار کا اعتراف

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرلیا۔

نیو یارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پہلگام حملے کے بعد بھارتی جارحیت سامنے آنے پر جنرل عاصم منیر کی قیادت میں مثال قائم کی گئی، جنگی مشقوں میں جنرل عاصم نے ٹینک پر چڑھ کر فورسز سے خطاب کیا۔

امریکی اخبار نے رپورٹ کیا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، جنرل عاصم منیر بھارتی جارحیت کے خلاف سخت مؤقف رکھتے ہیں، پاکستانی آرمی چیف دو قومی نظریے پر یقین رکھتے ہیں، نریندر مودی مسلمانوں کو اپنے لیے خطرہ سمجتے ہیں۔

امریکی اخبار نے مضمون کا آغاز ان الفاظ سے کیا کہ ’کچھ عرصہ پہلے تک پاکستان کے سب سے طاقتور شخص نے پردے کے پیچھے رہنے کو ترجیح دے رکھی تھی، اپنے عوامی پروفائل کو سختی سے کنٹرول کیا، اور بیانات کو زیادہ تر فوجی تقریبات کے خطابات تک محدود رکھا‘۔

نیو یارک ٹائمز کے مطابق 2 ہفتے قبل بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ہونے والے دہشتگرد حملے کے بعد پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے مرکز میں قدم رکھ دیا ہے۔

پہلگام قصبے کے قریب 2 درجن سے زائد ہندو سیاحوں کی ہلاکت کے بعد جب بھارت میں زبردست ردعمل کے لیے دباؤ بڑھ گیا، تو جنرل منیر نے اپنی سخت گفتگو سے پاکستان کے لہجے کو مزید تبدیل کر دیا ہے۔

جمعرات کو ایک فوجی مشق کے دوران ایک ٹینک کے اوپر کھڑے ہو کر جنرل عاصم منیر نے میدان میں موجود فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے، بھارت کی جانب سے کسی بھی فوجی مہم جوئی کا فوری، پرعزم اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

نیو یارک ٹائمز کے مطابق یہ پاکستان کے اس عزم کا حوالہ تھا کہ وہ کسی بھی بھارتی حملے کا مقابلہ کرے گا یا اس سے آگے نکل جائے گا۔

یاد رہے کہ اکتوبر 2024 میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے جریدے ’یونی پاتھ‘ نے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ اور قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں انتہا پسندی کے خلاف توانا آواز اور پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پر عزم قرار دیتے ہوئے دہشتگردی کے خاتمے کی کاوشوں، علاقائی و ملکی استحکام کے لیے کردار اور سماجی و اقتصادی اقدامات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا تھا۔

’یونی پاتھ‘ نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کو ان کی پیشہ وارانہ اور قائدانہ صلاحیتوں پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سپہ سالار کو ایسے لیڈر کے طور پر یاد کیا جائے گا، جن کا اولین عزم پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button