
کراچی کے تاجر آج فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی فوج کی بربریت کیخلاف ہڑتال کر رہے ہیں، شہر کی تمام مارکیٹیں اور تجارتی مراکز بند ہیں۔
تاجر رہنما رضوان عرفان نے تاجروں سے درخواست کی تھی کہ آج مارکیٹیں بند کرکے مظلوم فلسطینی بھائیوں سے مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کریں، انہوں نے اسرائیلی بربریت کی مذمت بھی کی، جس کے بعد آج شہر قائد میں موبائل مارکیٹ، الیکٹرانکس مارکیٹ، ہول سیل مارکیٹیں، جوڑیا بازار، آرام باغ سمیت دیگر تجارتی مراکز میں دکانیں اور کاوربار بند ہے۔
تاجر رہنما شاکر فینسی نے کہا کہ میٹھادر، اولڈ سٹی ایریا اور صرافہ بازار بھی فلسطینی عوام سے یکجہتی کے لیے بند رکھا گیا ہے۔
غزہ میں اسرائیل کی بربریت اور بدترین ظلم کیخلاف کراچی کی ہول سیل مارکیٹیں بھی بند ہیں۔
تاجر رہنما عبدالرؤف ابراہیم نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی ہول سیل مارکیٹ جوڑیا بازار آج بند ہے، اس کے علاوہ آرام باغ ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے کراچی کے تاجروں کی اس ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کاروبار بند کر رکھا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی توڑتے ہوئے غزہ میں فلسطینی عوام پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بعد دنیا بھر میں مسلمانوں کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے، اسی سلسلے میں کراچی کے تاجر بھی صدائے احتجاج بلند کر رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کی قراردادوں اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی جانب سے اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کے باوجود صہیونی فورسز غزہ میں بچوں اور خواتین کے علاوہ صحافیوں کو بے دریغ شہید کررہی ہیں، امریکی اسلحہ بھی اس جنگ میں استعمال کیا جار ہا ہے۔