
پشاور سے کوئٹہ کے دوران ٹرین کا سفر تقریبا دو ہفتے معطل رہنے کے بعد جمعرات کے روز بحال کر دیا گیا ہے جس کے بعد پشاور کے ریلوے سٹیشن سے جعفر ایکسپریس کوئٹہ کے لیے روانہ کر دی گئی ہے۔
ریلوے اہلکاروں نے بتایا کہ جمعرات کی صبح 7:30 پر جعفر ایکسپریس کوئٹہ کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔ 16 روز تک اس روٹ پر ٹرین سروس معطل رہنے کے بعد آج 300 مسافر جعفر ایکسپریس میں روانہ ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ 11 مارچ کو بلوچستان کے علاقے بولان میں دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کر کے خواتین اور بچوں سمیت تمام مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔
اس حملے سے متعلق پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے علاقے بولان میں جعفر ایکسپریس کی ہائی جیکنگ کے بعد 354 مسافروں کو ریسکیو کیا گیا جبکہ اس حملے میں 18 فوجی اور ایف سی اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔