
برطانیہ سے تعلق رکھنے والی 10 سالہ بچی شطرنج کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کرنے کے ساتھ ساتھ گرینڈ ماسٹر کو شکست دینے والی دنیا کی سب سے کم عمر لڑکی بن گئی۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کی رپورٹ کے مطابق لندن سے تعلق رکھنے والی بودھانا سیوانندن نےلیورپول میں ہونے والی برٹش شطرنج چیمپئن شپ 2025 کے فائنل راؤنڈ میں 60 سالہ گرینڈ ماسٹر پیٹ ویلز کو شکست دےکر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
عالمی شطرنج فیڈریشن کے مطابق 10 سال، 5 ماہ اور 3 دن کی عمر میں بودھانا سیوانندن نے امریکی کھلاڑی کارسا پپ کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 2019 میں 10 سال، 11 ماہ اور 20 دن کی عمر میں گرینڈ ماسٹر کو شکست دی تھی۔
بودھانا سیوانندن اب ویمن انٹرنیشنل ماسٹر کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں، شطرنج کا سب سے اعلیٰ اعزاز گرینڈ ماسٹر ہے، جو اس وقت موجودہ عالمی چیمپئن گوکش دومراجو اور عالمی نمبر ایک میگنس کارلسن کے پاس ہے۔