
ملک بھر میں آج 79واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، قوم آج یوم آزادی اس عہد کی تجدید کے ساتھ منا رہی ہے کہ ملک کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے تحریک پاکستان کے جذبے سے کام کیا جائے گا۔
رواں سال یوم آزادی کو معرکہ حق کی عظیم فتح سے منسوب کیا گیا ہے۔
پاکستان میں رات 12 بجتے ہی ملک کے چھوٹے، بڑے شہروں میں یوم آزادی کا بھرپور طریقے سے استقبال کیا گیا۔
شہری سڑکوں پر اُمڈ آئے، فضا ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعروں سے گونج اٹھی، چھوٹی بڑی ریلیوں اور مختلف ثقافتی شوز کا انعقاد کیا گیا، شہریوں نے ملی نغموں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔
79 ویں یوم آزادی پر دن کا آغاز مساجد میں ملکی سلامتی، یکجہتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے کیا گیا، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی ہیڈکوارٹرز میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزرا شریک ہوئے۔
پرچم کشائی کی تقریب میں اسکولوں کے بچوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، علاقائی لباس میں ملبوس بچوں نے وزیراعظم کو پاکستان مونومنٹ آمد پر پھول پیش کیے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پرچم کشائی کی، یادگار پاکستان پر پھول رکھے اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔
پرچم کشائی کی تقریب کے موقع پر ملی جوش و جذبے سے قومی ترانہ پڑھا گیا۔
بھارت کی بلااشتعال جارحیت کے خلاف معرکہ حق میں حالیہ فتح نے اس سال یوم آزادی کی تقریبات کے لیے قوم کے جوش و خروش کو بڑھا دیا ہے۔
عمارتوں کو قومی پرچموں، جھنڈیوں اور روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ لوگوں نے اپنی گاڑیوں اور گھروں کی چھتوں پر قومی پرچم لہرا رکھے ہیں۔