
پاکستان ویمنز ٹیم نے ٹی 20 سیریز کے آخری میچ میں میزبان آئرلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی ہے، آئرش ٹیم نے سیریز 1-2 سے جیت لی ہے۔
ڈبلن میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے مطلوبہ 156 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کر لیا، منیبہ علی نے ٹی 20 کیرئیر کے دوسری سنچری بناتے ہوئے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والی بیٹر نے 68 گیندوں پر ناقابل شکست 100 رنز بنائے اس دوران انہوں نے 14 چوکے اور ایک چھکا بھی لگایا، عمدہ کارکردگی پر انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
آل راؤنڈر عالیہ ریاض نے منیبہ علی کے ساتھ مل کر 101 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، عالیہ ریاض 39 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔
قبل ازیں، آئرلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 155 رنز بنائے، اورلا پرینڈرگاسٹ 64 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہی جب کہ گیبی لیوئس 36 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
پاکستان کی جانب سے رامین شمیم، وحیدہ اختر، سعدیہ اقبال اور کپتان فاطمہ ثنا نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
یاد رہے کہ آئرلینڈ نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 11 رنز سے جب کہ دوسرے مقابلے میں 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔