
وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی آئندہ ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز 14 اگست کے بجائے کسی اور دن کریں کیونکہ یہ یومِ آزادی ہے جسے قوم یکجا ہوکر منانا چاہیے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ہمیں احتجاج سے کوئی مسئلہ نہیں، البتہ وقت کے انتخاب پر اعتراض ہے، احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا حق ہے، لیکن 14 اگست کو ایسا کرنا افسوسناک اور ہماری روایات کے خلاف ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو قوم جوش و جذبے کے ساتھ یومِ آزادی منائے گی، لیکن اپوزیشن نے اسی دن کچھ اور کرنے کا ارادہ کر رکھا ہے، انہیں اپنی تحریک یا احتجاج 14 اگست کو نہیں کرنا چاہیے، چاہیں تو 15، 16 یا 13 تاریخ کو کریں۔
وزیرِ اعظم کے مشیر نے اپوزیشن جماعتوں کو ’متحد رہنے‘ پر سراہا، لیکن قومی تعطیلات پر احتجاج شروع کرنے پر اعتراض اٹھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ 5 اگست کو یومِ استحصال منایا گیا، اس دن قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی تھی اور کشمیری شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کر رہی تھی اور اسی دن پی ٹی آئی نے بڑی تحریک کا اعلان کیا، لیکن کچھ بھی نہیں ہوا۔
اس سے قبل، اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد قیصر نے اعلان کیا تھا کہ پارٹی احتجاج کا دوسرا مرحلہ 14 اگست سے شروع کرے گی، جس کے بعد وہ سندھ کا رخ کرے گی، ہم اس جابر حکومت سے نجات کے لیے پورے ملک کو متحد کریں گے۔