پاکستان

بیرون ملک مقیم پاکستانی عزت و وقار کا سرچشمہ ہیں

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکا کے دورے کے دوران پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں مقیم پاکستانیوں سے خطاب میرے لیے اعزاز کی بات ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی عزت و وقار کا سرچشمہ اور دیگر پاکستانیوں کی طرح پرجوش ہیں، بیرون ملک پاکستانی ”برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین“ ہے۔

عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں سے وابستہ ہے اور ناگہانی آفات میں یہ طبقہ ہمیشہ سب سے پہلے وطن کے لیے لبیک کہتا ہے۔

فیلڈ مارشل نے بھارت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت خود کو ”وشوا گرو“ کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کررہا ہے لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ بھارت کی خفیہ ایجنسی ”را“ کی ٹرانس نیشنل دہشت گرد سرگرمیوں میں شمولیت عالمی سطح پر شدید تشویش کا باعث ہے، اس کی مثالیں کینیڈا میں سکھ رہنما کا قتل، قطر میں 8 بھارتی نیول افسران کا معاملہ اور کلبھوشن یادیو جیسے واقعات ہیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارت کی دوغلی پالیسیوں کے خلاف کامیاب سفارتی جنگ لڑی ہے۔ انہوں نے حالیہ بھارتی جارحیت کو پاکستان کی خود مختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے معصوم شہریوں کو شہید کیا اور خطے کو ایک بڑے تصادم کے دہانے پر پہنچا دیا۔ پاکستان نے اس کا بھرپور اور پُرعزم جواب دیا اور وسیع تر تنازع کو روکنے میں کامیابی حاصل کی۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button