
خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے ملوک آباد میں زمرد کی کان کا ایک حصہ بیٹھنے سے متعدد مزدور زیر زمین پھنس گئے، جبکہ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔
ریسکیو 1122 کی ترجمان شفیقہ گل نے کہا کہ کان اچانک بیٹھ گئی، اطلاع ملتے ہی ضلعی ایمرجنسی افسر نے فوری طور پر ایمرجنسی ٹیم کو جائے وقوع پر بھیجا، جہاں کسی تاخیر کے بغیر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
انہوں نے تصدیق کی کہ ریسکیو اہلکاروں نے پھنسے ہوئے افراد تک پہنچنے اور انہیں نکالنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ ’ریسکیو کی کوششیں انتہائی ہنگامی بنیادوں پر کی جا رہی ہیں، تمام دستیاب وسائل کا استعمال کیا جا رہا ہے، جدید آلات، ایمبولنسیں اور میڈیکل ٹیمیں موقع پر موجود ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن کو تیز کرنے کے لیے قریبی کانوں اور ایمرجنسی یونٹس سے اضافی مدد طلب کی گئی ہے۔