جرائم

ایچ آئی وی ٹیسٹ مثبت آنے پر بہن نے بھائی کو قتل کردیا

بھارتی ریاست کرناٹک میں خاندانی عزت بچانے کے نام پر بہن اور بہنوئی نے ایچ آئی وی سے متاثرہ نوجوان کو قتل کردیا۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق پولیس نے بتایا تھا کہ کرناٹک کے ضلع چترادرگہ میں قتل کیے گئے نوجوان کی شناخت ملیکارجن کے نام سے ہوئی، جو دومی گاؤں کا رہائشی تھا۔

پولیس کے مطابق قتل میں ملوث بہن نیشا کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ان کے مفرور شوہر منجوناتھ کو گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

پولیس تحقیقات کے مطابق نیشا اور منجوناتھ نے اس وقت ملیکارجن کو گلا گھونٹ کر قتل کر دیا جب انہیں اس کے ایچ آئی وی مثبت ہونے کا علم ہوا، دونوں کو خدشہ تھا کہ اگر یہ بات عام ہوئی تو خاندان کی بدنامی ہوگی۔

پولیس کے مطابق ملیکارجن بنگلور میں ایک نجی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا اور وقتاً فوقتاً اپنے والدین سے ملنے گاؤں آتا رہتا تھا۔ 23 جولائی کو وہ اپنے دوستوں کے ساتھ گاؤں آ رہا تھا کہ راستے میں ان کی گاڑی ایک کھڑے ہوئے ٹرک سے ٹکرا گئی، حادثے میں ملیکارجن شدید زخمی ہوا جبکہ دیگر دوستوں کو بھی چوٹیں آئیں۔

زخمیوں کو ابتدائی طور پر چترادرگہ کے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے ملیکارجن کو مزید علاج کے لیے دوسرے نجی ہسپتال بھیجا گیا، وہاں سرجری سے قبل کیے گئے معمول کے خون کے ٹیسٹ کے دوران ملیکارجن کے ایچ آئی وی مثبت ہونے کا انکشاف ہوا۔

ڈاکٹروں نے اس کی ٹانگ میں راڈ ڈالنے کے بعد مزید علاج کے لیے بنگلور منتقل کرنے کا مشورہ دیا کیونکہ خون بہنے کا عمل رک نہیں رہا تھا۔

نیشا نے اپنے والد کو بتایا کہ وہ اور اس کا شوہر ملیکارجن کو بنگلور لے جائیں گے، 25 جولائی کی شام کو نیشا نے والد کو اطلاع دی کہ وہ بھائی کو علاج کے لیے لے جا رہے ہیں لیکن کچھ ہی دیر بعد وہ ملیکارجن کی لاش کے ساتھ واپس آ گئے اور دعویٰ کیا کہ وہ راستے میں اچانک فوت ہو گیا۔

والد کو شک ہوا تو اس نے بیٹی اور داماد سے پوچھ گچھ کی، نیشا نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ ملیکارجن نے خود کو ایچ آئی وی پازیٹو بتایا اور قرضوں کے بوجھ کی وجہ سے جینے سے تنگ آ گیا تھا۔

نیشا کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسے کمبل سے گلا گھونٹ کر مار دیا کیونکہ وہ سمجھتے تھے کہ اس کی بیماری خاندان کے لیے شرمندگی کا باعث بنے گی اور والدین کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔

واقعے کے بعد والد نے پولیس اسٹیشن میں بیٹی نیشا اور داماد منجوناتھ کے خلاف مقدمہ درج کرایا، پولیس نے مقتول کی بہن کو گرفتار کرلیا۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button