
امریکا کے شہر نیویارک کے مرکزی علاقے مین ہیٹن میں پیر کو ایک بلند و بالا عمارت میں ایک مسلح شخص نے داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس افسر سمیت 4 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک زخمی کو انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے بتایا کہ حملہ آور نے بظاہر خود کو بھی گولی مار کر ہلاک کر لیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولیس کمشنر جیسیکا ٹش کے مطابق حملہ آور کو ایک سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک سیاہ بی ایم ڈبلیو کار سے ایم-4 رائفل کے ساتھ اترتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد وہ 345 پارک ایونیو پر واقع عمارت میں داخل ہوا اور فوراً ہی ایک پولیس افسر کو نشانہ بنایا، اس کے بعد اس نے عمارت کی لابی میں اندھا دھند فائرنگ کی۔
پولیس کے مطابق حملہ آور 33 ویں منزل تک لفٹ کے ذریعے گیا، جہاں ’روڈن مینجمنٹ‘ کے دفاتر واقع ہیں، وہیں اس نے فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور پھر مبینہ طور پر خود کو گولی مار لی، بعد ازاں پولیس اہلکاروں کو وہ اپنی رائفل کے قریب مردہ حالت میں ملا۔
یہ عمارت مشہور کمپنیوں کا مرکز ہے، جن میں بلیک اسٹون ہیج فنڈ، آڈٹنگ فرم کے پی ایم جی اور نیشنل فٹبال لیگ (این ایف ایل) کے دفاتر شامل ہیں۔