
آئرلینڈ کے آل راؤنڈر کرٹس کیمفر نے کرکٹ کی تاریخ میں منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے، آل راؤنڈر 5 گیندوں پر 5 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے مرد کھلاڑی بن گئے ہیں۔
کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق کرٹس کیمفر نے یہ کارنامہ بین الصوبائی ٹی 20 ٹرافی میں منسٹر ریڈز کی جانب سے نارتھ ویسٹ واریئرز کے خلاف انجام دیا، انہوں نے 2.3 اوورز میں صرف 16 رنز دے کر 5 وکٹیں اپنے نام کیں۔
منسٹر ریڈز کے کپتان کیمفر نے اپنے دوسرے اور تیسرے اوور کے درمیان 5 وکٹیں لیں، جب نارتھ ویسٹ واریئرز کی ٹیم 189 رنز کے ہدف کا تعاقب میں 87 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ پچ پر موجود تھی تاہم صرف ایک رنز کے اضافے سے واریئرز کی مزید 5 وکٹیں گر گئیں اور پوری 88 کے مجموعے پر آل آؤٹ ہوگئی