شو بز

بھارت نے پاکستان کے شوبز یوٹیوب چینلز پر عائد پابندی ختم کردی

بھارتی حکومت نے پاکستان کے ڈراموں اور دیگر شوبز مواد دکھانے والے یوٹیوب چینلز پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں 22 اپریل کو ہونے والے حملے کو جواز بنا کر بھارتی حکومت نے 22 اپریل کے بعد پاکستان کے متعدد نیوز چینلز، مشہور شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور پاکستانی ڈرامے دکھانے والے معروف شوبز یوٹیوب چینلز کو ملک میں بند کر دیا تھا۔

بھارتی حکومت نے اے آر وائی ڈیجیٹل، جیو ٹی وی اور ہم ٹی وی کے یوٹیوب چینلز کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے ان پر پابندی عائد کر دی تھی۔

حال ہی میں ایسی رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ بھارت نے پاکستانی ڈرامے دکھانے والے یوٹیوب چینلز پر عائد پابندی ختم کر دی ہے، جس کے بعد یہ چینلز دوبارہ بھارتی ناظرین کے لیے قابلِ رسائی ہو گئے ہیں۔

بھارتی حکام کی جانب سے تاحال اس بحالی پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم میڈیا ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل کشیدگی کم کرنے اور آن لائن مکالمہ بحال کرنے کی کوشش کا حصہ ہو سکتا ہے۔

پاکستان کے ڈرامے بھارت میں بے حد مقبول ہیں، یہی وجہ ہے کہ جب بھارت کی جانب سے ان چینلز پر پابندی عائد کی گئی تو پاکستانی ڈراموں کی مقبولیت میں کچھ کمی آئی تھی۔

لیکن اب چونکہ یہ پابندی ختم کر دی گئی ہے، تو امید ہے کہ بھارتی ناظرین کو اب وی پی این کا استعمال کر کے پاکستانی ڈرامے نہیں دیکھنے پڑیں گے اور وہ بآسانی یوٹیوب پر پاکستانی ڈرامے دیکھ سکیں گے۔

دوسری جانب بھارتی صارفین کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا جارہا ہے کہ وہ اپنی ٹائم لائن پر کچھ پاکستانی فنکاروں کی پوسٹ دیکھ سکتے ہیں، جس سے معلوم ہوا کہ کچھ فنکاروں کے اکاؤنٹس پر بھی عائد پابندی ختم کردی گئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button